تعلیمخبریں

آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول گلگت کے طلبا نےعلم دوست موبائل ایپلیکیشن تیارکر لیا

گلگت( خصوصی رپورٹ) آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول گلگت اور اُسوہ پبلک سکول گنیش ہنزہ کے طلبأ نے Techscape Pvt. Ltd اور قراقرم انٹر نیشنل یو نیورسٹی گلگت بلتستان کے زیر انتظام ایک سائنسی نمائش میں موبائل صارفین کےلئے ڈیجٹل اپلِکیشنز بنا کر مقابلےمیں پوزیشنز حاصل کیں۔ طلبأ کو Accelerate prosperity کی طرف سے بالترتیب مبلغ ایک لاکھ ، پچھتر ہزار اور پچاس ہزارروپے کے کنٹریکچول ایوارڈز دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیجٹل کمپنی TechScape Pvt. Ltd نے Accelerate Prosperity اور US Embassyکی مالی اعانت سے طلبہ کی علمی و سائنسی صلاحیتوں کو اُجاگر کرکے انہیں پروان چڑھانے کے حوالے سے ایک تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا تھا۔ اس تربیت میں گلگت بلتستان کے تین اضلاع ، گلگت ، ہنزہ اور غذر کے سرکاری و غیر سرکاری تعلیمی اداروں سے 140 طلبأ و طالبات نے شرکت کی۔ جن میں سے 37 طلبأ و طالبات پر مشتمل 12 گروپس کے پروجیکٹس کو آخری نمائش کے لئے چنا گیا تھا ۔ اس نمائش کا انعقاد قراقرم انٹر نشنل یونیورسٹی کے ہال میں ہواجس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنےوالے افراد کےعلاوہ Ignite-National Technology Fund کے چیف ایگزیکٹیو جناب یوسف حسین ، قراقرم انٹر نیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عطا للہ شاہ اور Accelerate Prosperity Pakistan کے کنٹری ڈائریکٹر عمران شمس کے علاوہ طلبأ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

پہلی پوزیشن پر آنے والے پروجیکٹ Application EZY کے نو عمر ڈیولپر، سید نجم الحسن اور راشد جان آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول گلگت سال دوئم نے ایپلکیشن کے مختلف مراحل پر شرکأ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موبائل کی یہ ایپلکیشن علم و ہنر کے میدان میں اپنے طرز کی ایک جدید اپلِکیشن ہے جو کہ طلبہ کو ملازمت ڈھونڈنے کے ضمن میں معاون ثابت ہوگی ۔

ڈیجٹل نمائش میں دوسرے نمبر پر آنے والے طلبا ٔ احد علی بیگ ، ریحان علی ،حسن ذولفقار اور مہران دانش آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول گلگت سال اوّل نے اپنے پروجیکٹ Smart Study پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے تمام امتحانی بورڈ کے پرچوں کے علاوہ تدریسی مواد کے حصول میں آسانی پیدا ہوگی جس کی مدد سے ہر قسم کا علمی مواد اپنے موبائل کو استعمال کرتے ہوئے گھر بیٹھے حاصل کیا جاسکے گا ۔

تیسری پوزیشن اُسوہ پبلک سکول گنیش ہنزہ کے طلبأ شمس تبریز اور احسان رضا نے RGS Games پروجیکٹ کی کامیاب نمائش پر حاصل کی۔

آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول گلگت کے طلبا ٔ نے اس کامیابی کو آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول کے اساتذہ کی مرہون منت قرار دیا اور آغا خا ن ایجوکیشن سروس پاکستان اور خصوصی طور پر گلگت بلتسان کی علم کے میدان میں پُرخلوص قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئےکہا کہ علاقے میں تمام آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول ادارے کے اعلیٰ حکام کی خاص توجہ کا مرکز رہے ہیں ۔ تعلیم اور علم ہنر کے اعتبار سے ان سکولوں کو ہر قسم کی جدید سہولیات میسر ہیں ۔ ان سکولوں کی امتیازی خصوصیت یہ ہے کہ اِن سے ملحق سائنسی تجربہ گاہیں جدید سائنسی آلات سے لیس ہیں جس کی بدولت طلبأ سائنس کے میدان میں ہر طرح کے سائنسی تجربات بہ آسانی کر سکتے ہیں یہی نہیں بلکہ ان سکولوں کے طلبا ٔ کی ذہنی استعداد کار اور قابلیت کے مطابق جدید خطوط پر اُن کی تربیت کی جاتی ہے ہماری حالیہ کامیابی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں وہ ایسے موبائل اپلِکیشن بنائیں گے جس سے انٹرنیٹ کی کمزور سگنلز کو طاقتور بنانے میں کامیابی حاصل کی جا سکے گی ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button