پونیال: ضلع غذر کے تحصیل پونیال گاؤں گیچ سے تعلق رکھنے والے بیس سال سے کم عمر نوجوانوں نے یوتھ بیاک نامی ادارے کی بنیاد رکھی۔
یوتھ بیاک کے زیر اہتمام بیاک ٹاکز کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں گاؤں کے عمائدین سمیت والدین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بچوں نے تقریب کے شرکاء کو آگاہ کیا کہ یوتھ بیاک کے زیر اہتمام بیاک ٹاکز پہلا مرحلہ ہے جس میں نوجوانوں کی فن تقریر و دیگر سمیت تنقیدی و تعمیری سوچ کے فروغ پر مختلف شعبہ ہائے زندگی کے ماہرین کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں اگلا مرحلہ بیاک میوزک انسٹیٹیوٹ کا ہے، جس میں گاؤں میں فن موسیقی سے دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کے لئے ٹریننگ سکول کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ اداروں سے یوتھ بیاک آئی ٹی سینٹر کے قیام میں تعاون کی بھی اپیل کی۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی مکھی جناب محبت خان صاحب نے نوجوانوں کی اس کوشش کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونگے۔
بیاک ٹاکز کے زیر اہتمام پہلا ٹاک 2 جولائی کو ہوگا جو بیاک ٹاکز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی شائع کیا جائے گا۔