اہم ترینسیاست

وادی تانگیر سے تعلق رکھنے والا حاجی گلبر خان بلامقابلہ گلگت بلتستان کا وزیر اعلی منتخب

گلگت: ضلع دیامر کے دور افتادہ علاقے وادی تانگیر سے تعلق رکھنے والا حاجی گلبر خان بلامقابلہ گلگت بلتستان اسمبلی میں قائد ایوان منتخب ہوگیا، اسمبلی میں موجود 20 اراکین اسمبلی میں سے 19 نے ان کے حق میں ووٹ دیا۔ ہمخیال گروپ، ایم ڈبلیو ایم، خالد خورشید گروپ اور اسلامی تحریک نے انتخابی عمل میں حصہ نہیں لیا۔ قوم پرست رہنما نے ووٹ نہیں ڈالا۔

پاکستان تحریک انصاف (فارورڈ بلاک)، پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کےاراکین اسمبلی نے حاجی گلبر کوووٹ دے کر ان کی کامیابی یقینی بنائی۔ اس طرح اگلے اڑھائی سال کے لئے گلگت بلتستان میں ایک مخلوط حکومت تشکیل دی گئی۔

گلگت بلتستان میں قائد ایوان کا انتخاب سابق وزیر اعلی کی تعلیمی اسناد جعلی ثابت ہونے کے بعد ہوا۔ سابق وزیر اعلی خالد خورشید اپنی قانون کی ڈگری اصلی ثابت کرنے میں ناکام ہونے کے بعد رکن اسمبلی نہیں رہے تھے اور اسطرح وزارت اعلی کے عہدے سے بھی برطرف ہو گئے تھے

حاجی گلبر خان کون ہیں؟

حاجی گلبر خان کا تعلق تانگیر، دیامر کے ایک سیاسی گھرانے سے ہے۔ ان کے فرسٹ کزن حاجی امیر جان متعدد بار رکن اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں۔ حاجی گلبر نے اپنے کزن کی فعال سیاست سے ریٹائرمنٹ کے بعد انتخابی سیاست میں شمولیت اختیار کی۔

گلبر خان کے بڑے بھائی حاجی نصیب خان دیامر ضلع کونسل کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔

گلبر خان نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز ضلع کونسل کے ممبر کی حیثیت سے کیا۔

انہوں نے 2009 کے انتخابات جے یو آئی کے ٹکٹ پر 2,741 ووٹ حاصل کرکے جیتے اور ملک مسکین خان (1,707) کو شکست دی۔ اس کے بعد انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کی مخلوط حکومت میں پانچ سال وزیر صحت کے طور پر خدمات انجام دیں۔

2015 کے انتخابات میں انہوں نے جے یو آئی ف کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا۔ مسلم لیگ ن کے حاجی وکیل نے 3761 ووٹ لے کر انہیں شکست دی۔ گلبر 2438 ووٹ لے سکے۔

2020 کے انتخابات میں گلبر خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی اور جی بی ایل اے 18 دیامر IV سے آزاد امیدوار ملک کفایت الرحمان کو 4,059 ووٹوں سے شکست دے کر کامیاب رہے۔ ان کے مدمقابل کو 3,544 ووٹ ملے۔ پی ٹی آئی حکومت میں دوبارہ وزیر صحت کے عہدے پر فائز ہوئے۔

حالیہ سیاسی ہنگامہ آرائی کے بعد گلبر خان پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے پلیٹ فارم سے وزیراعلیٰ کے عہدے کے امیدوار کے طور پر سامنے آئے اور پی ایم ایل این، پی پی پی اور فارورڈ بلاک کے اراکین کی مدد سے وزیر اعلی منتخب ہوے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button