اہم ترینتعلیمخصوصی خبر

بینائی سے محروم محقق فضل امین بیگ کا روشن کارنامہ: قرآن کا پہلا وخی ترجمہ مکمل

گلمت، ہنزہ سے تعلق رکھنے والے نابینا محقق اور لسانیات دان فضل امین بیگ نے قرآنِ مجید کا پہلا مکمل ترجمہ وخی زبان میں (رومن رسم الخط میں) مکمل کر لیا ہے۔ یہ ترجمہ نہ صرف مذہبی اور لسانی لحاظ سے ایک سنگِ میل ہے بلکہ وخی زبان کی بقا اور ثقافتی احیاء کی طرف ایک اہم قدم بھی ہے۔

یہ ترجمہ صرف تین ماہ دس دن میں مکمل ہوا۔ فضل امین بیگ نے عربی تلاوتیں اور اردو ترجمہ آڈیو کی صورت میں سن کر JAWS اسکرین ریڈر کی مدد سے اسے وخی میں تحریر کیا۔ ترجمے کا عمل عربی (آواز) سے اردو (آواز) اور پھر وخی (تحریر) میں منتقل ہوا، جس میں زبان اور ثقافت دونوں کا خیال رکھا گیا۔

حاصلِ ترجمہ ایک 446 صفحات پر مشتمل دستاویز اور 114 سورتوں پر مبنی ڈیجیٹل فولڈرز کی صورت میں مرتب ہوا ہے، جو روحانی اور ادبی گہرائی کے ساتھ قاری کے لیے آسان فہم ہے۔

 اس موقعے پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوے فضل امین بیگ نے کہا"میں چاہتا ہوں کہ وخی بولنے والے، خاص طور پر نوجوان نسل، قرآن کو اپنی مادری زبان میں سمجھ سکیں۔ یہ کام میری قوم کے لیے ایک تحفہ ہے۔

معروف اسکالرز نے اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ترجمہ ایمان، زبان، اور شناخت کو یکجا کرنے والا ایک روشن چراغ ہے۔

ترجمے کے اگلے مراحل میں علما سے نظرثانی، آڈیو پروڈکشن، اشاعت، اور عالمی سطح پر وخی برادری میں اس کی ترویج شامل ہے۔

یاد رہے کہ وخی ایک مشرقی ایرانی زبان ہے جو پاکستان کے شمالی علاقہ جات، خصوصاً گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ، ضلع غذر اور چترال کی وادی یارخون کے علاوہ افغانستان، تاجکستان اور چین کے سرحدی علاقوں میں بھی بولی جاتی ہے۔ مختلف ذرائع کے مطابق دنیا بھر میں وخی زبان بولنے والوں کی تعداد تقریباً 50 سے 70 ہزار کے درمیان ہے۔ اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو نے وخی کو ایک "خطرے سے دوچار زبان” قرار دیتے ہوئے اسے اپنی ریڈ بُک میں شامل کر رکھا ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button