گلگت بلتستان

وزیر اعلی کو گلگت بلتستان سے زیادہ کشمیر کے مفادات عزیز ہیں، الیاس صدیقی رہنما ایم ڈبلیو ایم

گلگت (پ ر) خطہ گلگت بلتستان صدیوں سے ایک اکائی کے طور پر دنیا کے نقشے پر ثبت ہے جس کا جغرافیہ تبدیل کرنے کی کسی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائیگا۔گلگت بلتستان کے جغرافیے کو تبدیل کرنا گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ اعلان جنگ کے مترادف ہے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کو خطہ گلگت بلتستان سے زیادہ کشمیر کے مفادات زیادہ عزیز ہیں ان کی درپردہ سازشوں سے اس کی مخصوص سوچ کی عیاں ہوگئی ہے۔وزیر اعلیٰ موصوف کا گلگت بلتستان کو دو اکائیوں میں تقسیم کرنے کی تجویز خطے سے غداری کے زمرے میں آتی ہے ۔نواز لیگ کو اقتدار کی کرسی تک پہنچا نے والے بہت جلدانہی کے خلاف سڑکوں پر ہونگے ،عوامی ترجمانی کے برخلاف ڈکٹیشن پر چلنے والی جماعت کو بہت جلد رسوائی نصیب ہوگی۔انہوں نے وفاقی حکومت پرکڑی تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا کہ عوامی خواہشات کے برخلاف کسی بھی عبوری صوبے یا علاقے کو تقسیم کرنے سے پورے علاقے میں بے چینی کی لہر پیدا ہوسکتی ہے لہٰذا حکومت کو چاہئے کہ وہ آئین پاکستان میں ضروری ترامیم کے بعد اس علاقے کو ایک مکمل آئینی صوبہ بنادے جو یہاں کی بیشتر سیاسی جماعتوں کا مطالبہ رہا ہے ۔یہ علاقہ ابھی جوانمردوں سے خالی نہیں ہوچکا کہ وفاق اپنی مرضی کے فیصلے ہم پر مسلط کریں ایوان بالااور ایوان زیرین میں مبصر کی حیثیت سے نمائندگی اس خطے کے عوام کا کوئی مطالبہ نہیں اور 68 سال بعد محض اقتصادی راہداری کی خاطر اس خطے کی شناخت مٹانے کی کوشش کی گئی تو اس کے بھیانک نتائج برآمد ہونگے۔یہ بات اظہر من الشمن ہے کہ 68 سالوں سے کسی حکمران نے گلگت بلتستان کو پاکستان کا حصہ بنانے کی نہ صرف کوشش نہیں کی بلکہ اس آزاد خطے کو پاکستان سے محبت کی خاطر الحاق کرنے والوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا گیا اور آئینی حیثیت دینے کا موجودہ شور شرابہ بھی اقتصادی راہداری میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی غرض سے ہے اور یہاں کے عوام سے ہمدردی کی بنیاد پر نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس خطے کے عوام اپنی جان تو دے سکتے ہیں لیکن علاقے کی تقسیم کو ہرگز برداشت نہیں کرینگے ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button