گلگت بلتستان

گلگت بلتستان کے کسی بھی علاقے کو دہشتگردوں کی آماجگاہ نہیں بننے دیا جائیگا: وزیر اعلی

گلگت (پریس ریلیز ) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہے کہ KKH میں مسافروں کے سفر کو محفوظ بنانے کیلئے فول پروف سکیورٹی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ صوبے کو دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد سے پاک کیا جاسکے حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا گلگت بلتستان میں قیام امن کیلئے کردار قابل تحسین ہے۔
 وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے قیام امن اور دہشت گردوں اور مفروروں کی گرفتاری کیلئے عمائدین داریل اور جرگہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ممبران جرگہ اور عمائدین داریل کا کردار انتہا ئی مثبت رہا ہے جس سے علاقے کا امن خراب کرنے والوں کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کسی بھی علاقے میں آپریشن نہیں ہورہا ہے صرف جرائم پیشہ افراد اور مفروروں کی گرفتاری کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے داریل سمیت مختلف علاقوں میں کاروائی کررہے ہیں ۔ قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے اور قانون سب کیلئے برابر ہے۔ جو کوئی بھی قانون ہاتھ میں لے گا اور صوبے کاامن خراب کرنے کی کوشش کرے گا ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی علاقے کو جرائم پیشہ افراد اور مفروروں کی آماجگاہ نہیں بننے دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے شہید ڈی۔ایس۔ پی عطااللہٰ اور پولیس جوان کی جرائت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کاہ کہ پولیس جوانوں نے مفروروں اور دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور شہید پولیس جوان کو میڈل دیا جائے گا جس نے ڈی۔ایس۔ پی کی شہادت کے بعد بھی زخمی حالت میں مجرموں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور آخر کار خود بھی جام شہادت نوش کیا ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے وزیراعلیٰ آفس گلگت میں امن و امان کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ، سیکریٹری داخلہ، آئی۔جی۔ گلگت بلتستان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے شرکت کی ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ کالے شیشے والی گاڑیاں اور اور گاڑیوں پر نصب غیر ضروری روٹرز کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے اور نان کسٹم پیڈگاڑیوں پر سرکاری نمبر پلیٹ لگانے والوں کے خلاف بھی کاروائی کی جائے۔ اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو سانحہ داریل کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ داریل سانحہ کی تفتیش میں مثبت پیش رفت ہوئے ہے اور واقع میں ملوث تمام مجرموں کو بہت جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔ اجلاس کے آخر میں سانحہ گیاری کے ایک سال مکمل ہونے پر شہداء گیاری کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button