تعلیم
بوٹی مافیا کے خلاف کاروائی کے لیے چیف سیکریٹری نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں
گلگت(پ ر) گلگت بلتستان میں جاری جماعت نہم اور د ہم کے امتحانات میں نقل کی اطلاعات پر چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محمد یونس ڈاگھا نے سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جو کہ تمام امتحانی مراکز کا دورہ کرینگی اور اس امر کو یقینی بنایئنگی کہ کہیں پر نقل تو نہیں ہو رہی ہے۔ سرکاری زرائع کے مطابق چیف سیکریٹری نے واضح احکامات دئیے ہیں کہ گلگت بلتستان میں معیاری نظام تعلیم کو یقینی بنایا جائے اور ایسے عناصر کی سختی سے سرکوبی کی جائے جو نظام تعلیم کو تباہ کرنے کے درپے ہیں ۔ سرکاری زرائع نے مزید بتایا کہ چیف سیکریٹری نے ان کمیٹیوں کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ نقل میں ملوث امیدواروں اور ممتحن کے خلاف مجرمانہ کیس کے اندراج سمیت تادیبی کارروائی کی جائے۔ زرائع کا مزید کہنا ہے کہ چیف سیکریٹری نے ان کمیٹیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر امتحانی مرکز کا اچانک دورہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی امتحانی مرکز میں دوران امتحان کوئی نا جائز طریقہ استعمال نہیں کیا جا رہا۔ واضح رہے کہ ان کمیٹیوں نے آج سے اپنا کام شروع کر دیا ہے اور اس سلسلے میں تمام اضلاع میں ان کمیٹیوں نے مختلف امتحانی مراکز کے دورے شروع کر دیئے ہیں۔