خوشخبری، اب گلگت بلتستان کے عوام الناس اپنی شکایات براہ راست حکام تک پہنچا سکیں گے، عوامی شکایات مرکزکا آغاز
گلگت(پ ر) چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے نظام حکومت کوبہتربنانے،عام لوگوں کی شکایات ان کی دہلیز پرحل کرنے ، ترقیاتی فنڈز کووقت اور ضرورت سے ہم آہنگ کرنے اورشفافیت کویقینی بنانے کے لئے آج چیف سیکریٹری مانیٹرنگ سیل سے بریفنگ لی۔ سیل کے اقدامات کی تکمیل سے عام لوگ، بالخصوص غریب عوام کامعیار زندگی بہتر کرنے میں مددملے گی۔ ان میں سے سب سے اہم قدم عوامی شکایت مرکزہے۔ جس کے تحت عوام الناس خود ہی یامطلقہ ڈپٹی کمشنر یااسسٹنٹ کمشنر کے دفتر سے اپنی شکایت کسی بھی سرکاری یاغیرسرکاری محکمے کے بارے میں درج کرسکے گا۔ شکایت کے اندر اج کیساتھ ہی شکایت کنندہ کوموبائل اورemail پرمطلع کیاجائے گا کہ ان کی شکایت درج ہوچکی ہے۔ ساتھ ہی اس امرکویقینی بنایاگیا ہے کہ عوامی شکایات بروقت حل کئے جائیں اور اس عمل کی بھرپور نگرانی ہو۔ اس پورے عمل کوچیف سیکریٹری خود ہی براہ راست نگرانی کرینگے اور ہرشکایت کے حل ہونے کی ہفتہ وار رپورٹ لیں گے۔ اس مقصد کے لئے ضروری تکنیکی افرادی قوت اور سازو سامان کاانتظام کیاگیا ہے اور اس جدید عمل کاآغازہوچکا ہے تاہم اسے مزید سہل اور فائدہ مندبنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ۔عوام الناس جہاں کہیں بھی ہوں وہ www.gilgitbaltistan.gov.pkپراس عوامی شکایت مرکزکواستعمال کرسکتے ہیں۔ ان اقدامات کوآگے بڑھاتے ہوئے چیف سیکریٹری مانیٹرنگ سیل نے اپنا ایک منفرد سوفٹ ویئر بھی بنایاہے جوتعلیم، صحت ،بجلی اور خوراک کے محکمے میں کارکردگی کوبہتربنانے میں معاؤن ثابت ہوگا ۔اس عمل کے ذریعے تعلیمی اور صحت کے اداروں میں حاضری کویقینی بنانے کیساتھ ساتھ ان کے کارکردگی کوبھی بروقت جانچا جائے گا اور اس عمل کی بھی نگرانی کی جائے گی۔ گلگت بلتستان کوملنے والی قلیل ترقیاتی فنڈزکو بہترطریقے سے استعمال میں لانے کیلئے جدیدطریقوں سے فائدہ اٹھانے کافیصلہ کیاگیا ہے۔ اس منفر دعمل کوپایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے عملی اقدامات پرعمل شروع ہوچکا ہے اور تمام شعبہ جات کے تجربے اور رہنمائی کومدنظر رکھتے ہوئے کام کوآگے بڑھایاجارہاہے ۔ چیف سیکریٹری نے اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطح کااجلاس طلب کرلیا ہے جس میں تمام سیکریٹری ،کمشنرز ،ڈپٹی کمشنرزاوربقیہ اداروں کے سربراہ شرکت کریں گے۔ مزید براں آنے والے وقت کی ضروریات اورمنصوبہ بندی کومربوط بنانے کیلئے بھی انتہائی اہم اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ جس کے تحت ترقی میں عوام کی شمولیت کویقینی بناتے ہوئے منصوبہ بندی کی جائے گی اس اہم عمل کوبھی تیزترکیاگیاہے۔ ان تمام اقدامات کامقصد عوام کامعیار زندگی بہترسے بہتربنانا،عوام کے سامنے جواب دہی کویقینی بنانا اور ترقی کے عمل میں عوام کی شمولیت یقینی بناناہے۔جس سے امیدکی جاسکتی ہے کہ یہ علاقہ ملک کے دیگرعلاقوں کی نسبت آنے والے وقت میں زیادہ ترقی یافتہ ہو۔ چیف سیکریٹری نے اس یقین کااظہارکیا ہے کہ چونکہ ان تمام اقدامات کامقصد نظام حکومت کوبہتر بناناہے تاکہ یہ علاقہ ایک مثالی صوبہ بنے ۔ لہٰذا عوام کی مثبت آراء جوان اقدامات کومزیدبہترکرنے کیلئے موصول ہونگی ۔ان تمام کی قدر اور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔