گلگت بلتستان

برجیس طاہر کو گلگت بلتستان کاگورنر بنانا منظور نہیں ہے، مزاحمت کریں گے، پاکستان تحریک انصاف

DSC00072

اسلام آباد (پریس ریلیز) پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب کے صدر اور گلگلت بلتستان کے چیف کوآرڈینیٹر غلام سرور خان نے گلگت بلتستان میں حکومت کی جانب سے قبل از انتخابات دھاندلی کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے علاقے کے وسائل لوٹنے، اقربا پروری کو فروغ دینے اور آئین و قانون کی دھجیاں اڑانے پر مسلم لیگ نواز کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کاکہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں چیف الیکشن کمشنر سے لے کر نگران حکومت تک ہر سطح پر شریف خاندان کے حواریوں اور وفاداروں کو بھرتی کیا جارہا ہے اور اب امور کشمیر اور گلگت وبلتستان کے وفاقی وزیر کو ان کی خواہش کے مطابق گلگت بلتستان کا گورنر مقرر کرنے کی تیاریاں جاری ہیں جن کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ان کی بھرپور مزاحمت کا اعلان کرتے ہیں۔ تحریک انصاف، مسلم لیگ نواز کی جانب سے گلگت بلتستان میں قبل از انتخابات دھاندلی کا رستہ بھی روکے گی اور علاقے سے روایتی سیاست کا خاتمہ کریگی۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اپریل میں گلگلت بلتستان کا دورہ کرینگے اور نظام کی تبدیلی کے سفر میں شمالی علاقہ جات کے عوام کا بھرپور طریقے سے خیر مقدم کرینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اہم پریس کانفرنس سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز نے عشروں پر محیط سیاست اور اس دوران کی گئی غلطیوں سے کچھ سبق نہیں سیکھابلکہ ہر مرتبہ اقتدار میں آنے کے بعد قابلیت کا خون کرنے آئین و قانون کی دھجیاں اڑانے اور ملکی اداروں کوناقابل تلافی نقصان پہنچنے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کہ گلگت بلتستان میں بھی خاندان اور مفاد کی سیاست کو فروغ دینے کا سلسلہ پوری شدت سے جاری ہے اور مسلم لیگ نواز ملک کے دیگر حصوں کی طرح شمالی علاقہ جاتے کے وسائل ہتھیانے اور وہاں کے عوام کو مستقل بنیادوں پر محکوم اور غلام بنانے کیلئے اعلی حکومتی عہدے اور مناصب خاندانی وفاداروں اور ذاتی دوستوں میں تقسیم کرنے میں مصروف ہیں۔ ان کے مطابق مسلم لیگ نوازنے متنازعہ شخص کو گلگت بلتستان میں چیف الیکشن کمشنر مقرر کرنے پر ہی اکتفا نہیں کیا بلکہ نگران کابینہ میں تین کی بجائے درجن بھر وزراء کو بھرتی کر دیا گیا جس کی آئین و قانون قطعاً اجازت نہیں دیتے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کو تحریک انصاف پہلے ہی عدالت میں چیلنج کرچکی ہے جس کی جلد سماعت کیلئے الگ درخواست بھی دائر کرینگے، تاہم اگر متنازعہ انداز میں گلگت بلتستان میں گورنر کی تقرری کا عمل آگے بڑھایا گیا تو تحریک انصاف سڑکوں پر نکلے گی اور بھرپور مزاحمت کریگی۔ اپنی گفتگو کے دوران تحریک انصاف کے رہنما نے وفاقی حکومت سے قبل از انتخابات دھاندلی فوری ترک کرنے کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پرپاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کمیٹی کے ممبرڈاکٹر راجہ عامر زمان، چیف کنونئیر حشمت اللہ، سابق ممبر اسمبلی مرزا حسین، آمنہ انصاری اور دیگر بھی شریک تھے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button