گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں دھاندلی روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں، پاکستان تحریک انصاف کا چیف الیکشن کمشنر کے نام خط میں مطالبہ

اسلام آباد(پریس ریلیز) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے گلگت بلتستان کے چیف الیکشن کمشنر کو خط تحریر کیا ہے اور خطے میں انتخابات سے قبل دھاندلی کی کوششوں کا نوٹس لینے اور انہیں روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 

گلگت بلتستان چیف الیکشن کمشنر کے نام اپنے خط میں تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن9جون 2015کو گلگت بلتستان میں انتخابات کے انعقاد کا اعلان کر چکا ہے، جبکہ ضابطہ اخلاق کے مطابق انتخابات کی تاریخ کے اجراء کے بعد نا توافسران کی تقرریاں اور تبادلے ممکن ہیں اور نہ ہی رائے عامہ کو متاثر کرنے کیلئے حکومت کو ترقیاتی کاموں کی اجازت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صاف شفاف انتخابات گلگت بلتستان کے عوام کا بنیادی حق ہے، چنانچہ تحریک انصاف انتخابات کے صاف و شفاف انعقاد کیلئے انتھک محنت کرے گی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان میں انتخابات کے موقع پر فوج تعینات کی جائے اور فوج کی نگرانی میں انتخابات منعقد کیے جائیں۔

چیف الیکشن کمشنر کے نام اپنے خط میں گورنر گلگت بلتستان کی جانب سے قبل از انتخابات دھاندلی کی کوششوں کی جانب توجہ دلاتے ہوئے تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل نے تحریر کیا کہ انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد بھی گورنر گلگت بلتستان مختلف ترقیاتی کاموں کا اعلان کرنے اور مسلم لیگ نواز کے امیدواروں کو فائدہ پہنچانے کی خاطر ترقیاتی اسکیموں کے افتتاح میں مصروف ہیں۔ اس کے ساتھ انہوں نے مسلم لیگ نواز کے امیدواروں کی سفارش پر بہت سے سرکاری افسران کے تبادلے بھی کیے ہیں، جبکہ گورنر ہاؤس کو مسلم لیگ نواز کے انتخابی آفس کے طور پر استعمال کیاجارہا ہے، جہاں مسلم لیگ نواز کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کر کے گورنر کے غیر جانبدار منصب کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ اپنے خط میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سربراہ کے حالیہ دورہ گلگت بلتستان کا ذکر کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل نے تحریر کیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سربراہ نے مسلم لیگ نواز کے امیدواروں کی ایماء پر علاقے کا دورہ کیا اور ضابطہ اخلاق کو پامال کرتے ہوئے مقامی آبادی میں فارم تقسیم کیے۔ چیف الیکشن کمشنر سے گلگت بلتستان کے گورنر اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سربراہ کی غیر قانونی سرگرمیوں کا نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے قبل از انتخابات دھاندلی کی تمام کوششوں کے فوری تدارک کا مطالبہ کیا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button