تعلیم

گوجال میں پہلی تحصیل سطح کی تعلیمی کانفرنس کا آغاز ہوگیا، اساتذہ، منتظمین اور سماجی اداروں کے سربراہان شرکت کر رہے ہیں

گلمت (فرمان کریم بیگ) ضلع ہنزہ کی بالائی تحصیل گوجال کے ہیڈکوارٹرز گلمت میں آج دو روزہ پہلی تحصیل کانفرنس کا آغاز ہوگیا۔ کانفرنس کے دوران معلمین، منتظمین ، سماجی کارکنان اور سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کا انعقاد علاقے میں تعلیمی سہولیات، خدمات اور ترقی کا جائزہ لینے اور مستقبل کے لئے منصوبہ بندی کرنے کی غرض سے کیا گیا ہے۔

کانفرنس کے پہلے روز تین سیشنز منعقد ہوے، جس میں تعلیمی اداروں کے سربراہان اور سماجی کارکنان نے علاقے کے تعلیمی مسائل پر سیر حاصل بحث کی، اور تعلیمی و تدریسی عمل کو مزید مضبوط اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے پالیسی ساز اداروں کو مختلف تجاویز بھی دیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوے مہمان خصوصی شاہ زمان نے کہا کہ حکومتی، غیر حکومتی اور مقامی سطح کے اداروں کے درمیان بہتر اشتراک اور مربوط پالیسی سازی کے ذریعے تعلیم و تدریس کے نظام کو بہت بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

ڈسٹرکٹ انسپکٹر آف سکولز جبار خان نے بتایا کہ تحصیل گوجال میں سرکاری، نجی اور کمیونٹی سکولوں کی کل تعداد ۱۱۶ ہے۔ انہوں نے علاقے کے تعلیمی مسائل کے بارے میں بھی گفتگو کی۔ علاقے میں موجود سرکاری، نجی اور کمیونٹی بیسڈ سکولوں کے بارے میں اعداد وشمار بھی پیش کئے ۔ انہوں نے کہا کہ امسال علاقے میں سکولوں میں میٹرک کے امتحانات میں ۷۰ فیصد طلبا نے کامیابی حاصل کی، جو تعلیمی بہتری کی علامت ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے مقررین نے زور دے کر کہا کہ تعلیم و تدریس کے عمل کومستقبل کی ضروریات کے ساتھ ہم آہنگ کئے بغیر ترقی نہیں کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں تعلیمی وسائل مہیاکرنے کے لئے مذید اقدامات کی ضرورت ہے۔ اور یہ بھی ضروری ہے کہ تعلیمی معیار میں بہتری کو اولین ترجیح قرار دی جائے۔

اس دوران محکمہ تعلیم اور دیگر اداروں کے ذمہ داران نے میسر تعلیمی سہولیات کے بارے میں حاضرین کو آگاہ کیا ، اور مسائل کا بھی ذکر کیا۔

کانفرنس کے دوران اے کے ای ایس کے جنرل مینیجر شاہ زمان، ڈسٹرکٹ انسپکٹر آف سکولز جبار خان، شریف خان صدر اسماعیلی ریجنل کونسل،نامور شاعراور معلم نذیر احمدبلبل، محمد نبی اے ڈی آئی ایس تاج النسا ، شمع رحمان، ذوالفیقار بیگ، الواعظ محمد اسلم،اسسٹنٹ پروفیسر سلطان احمد، سابق ڈپٹی ڈائریکٹر وفا بیگ، سماجی رہنما افضل خان، اسسٹنٹ پروفیسر سلطان احمد، سجاد احمد، سینٹرل ایشیا انسٹی ٹیوٹ کے سید اکبر اور قاسم علی کے علاوہ دیگر افراد نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اے کے آر ایس پی کے غلام امین بیگ نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد سے حاضرین کو روشناس کیا۔

کل کانفرنس کے اختتام پر ایک قرارداد کے ذریعے تجاویز، آرا اور مطالبات باقاعدہ طور پر پیش کیے جائیں گے۔ اس طرح کے مزید کانفرنسز کا انعقاد گلگت بلتستان کے دوسرے اضلاع کی مختلف تحصیلوں میں بھی کیا جائے گا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button