تعلیم
بائیولوجی کا پروفیسر نہ ملنے پر ڈگری کالج چلاس کے طلبا بپھر گئے، کالج کی تالا بندی، بعد میں ڈپٹی کمشنر کی یقین دہانی پر احتجاج دو دنوں کے لئے موخر کردی
چلاس(مجیب الرحمٰن)اساتذہ کی عدم تعیناتی ،ڈگری کالج چلاس کے طلباء نے احتجاجاً کالج کی تالہ بندی کی۔اور ڈپٹی کمشنر ہاؤس تک احتجاجی ریلی نکالی اور دھرنا دیدیا۔طلباء نے سیکرٹری ایجوکیشن ،ڈائریکٹر کالجز،پرنسپل کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔ڈپٹی کمشنر دیامر عثمان احمد خان نے طلباء سے مذاکرات کئے اور انکے مطالبات سنے۔ڈپٹی کمشنر دیامر نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیامر کے طلباء نے آج تعلیم کی فروغ کے لئے احتجاج کیا ہے۔جس پر بے حد خوشی ہوئی ہے۔آئندہ اٹھتالیس گھنٹوں میں بیالوجی کا پروفیسر کالج میں حاضر ہو جائے گا۔جلد ہی ڈگری کالج کا دورہ کر کے تمام مسائل حل کردینگے۔تعمیراتی کام کے حوالے سے ایکسئین کو ڈگری کالج بلایا جائے گا۔کالج کے طلباء کے لئے مطالعاتی دورے کے لئے تیس ہزار اضافی فنڈ دیا جائے گا۔طلباء نے ڈپٹی کمشنر کی یقین دہانی پر احتجاج دو دن کے لئے موٗخر کر دی۔