متفرق
دیامر کے عوام دہشت گرد ہیں، نہ ہی دہشتگردوں کی پشت پناہی کرتے ہیں، مولوی ریاض اللہ، مولوی مقیم خان اور دیگرکا بیان
چلاس(بیورورپورٹ)دیامر کے عوام اور علماء نے ہمیشہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے دن رات جدو جہد کیا ہے ۔یہاں کے عوام نہ دہشت گرد ہیں اور نہ ہی دہشت گردوں کی پشت پناہی کررہے ہیں ،دیامر کے عوام کو جان بوجھ کر دہشت گرد بنایا جارہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار علماء دیامر مولوی ریاض اللہ،مولوی مقیم خان ،محمد ایوب مولنا فضل الرحمن،و دیگر نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بعض اشخاص اپنے زاتی مفاداور نام و نمود کیلئے دیامر جرگہ اور علماء کا خود ساختہ ترجمان بن کر میڈیا میں بیانات دے رہے ہیں ،اور علاقے میں انتشار پھیلانے کی کوشیش کررہے ہیں ۔دیامر کے علماء اور گرینڈ جرگہ کا ایسے اشخاص سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے۔اس لیئے میڈیا سے مودبانہ گزارش ہے ،کہ گرینڈ جرگہ اور علماء کے خود ساختہ ترجمان بن کر بیانات دینے والے اشخاص کی تحقیقات کرکے خبریں شایع کی جائے۔انہوں نے کہا کہ دیامر کے علماء نے میڈیا میں بیانات دینے کیلئے 6علماء پر مشتمل کمیٹی بنائی ہے ،آئندہ دیامر کے قومی مفاد پر علماء کی طرف سے مذکورہ کمیٹی میڈیا میں اپنا موقف پیش کرے گی۔