گلگت بلتستان

ہم نہ کشمیری ہیں نہ ہماری ثقافت ان سے ملتی ہے، آئینی حقوق کے حصول میں کشمیری قیادت رکاوٹ ڈال رہی ہے، ڈاکٹر اقبال، وزیر تعمیرات

اسلام آباد(پ ر)صوبائی وزیر تعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کے حصول میں کشمیری قیادت رکاوٹ ہے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے آئینی کمیٹی کو 60دن کاٹارگٹ دیا ہے وزیر اعظم پاکستان اور، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن آئینی حقوق کے حصول کے لیئے مخلص ہیں انشاء اللہ عوام کو بہت جلدبڑی خوشخبری دیں گے ۔یہ بات صوبائی وزیر تعمیرات نے جمعہ کے روز ایک نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں کہی۔انہوں نے کہا کہ ہم نہ کشمیری ہیں اور نہ ہی ہمارا کلچر، ان سے مشترک ہے سمجھ نہیں آرہی کہ جب بھی گلگت بلتستان کی مفاد میں بات چلتی ہے تو کشمیریوں کو تکلیف کیوں ہوتی ہے۔خطے کا بچہ بچہ محب وطن پاکستانی ہیں۔آئینی مسئلے کے حوالے سے صوبائی حکومت وفاق سے براہ راست رابطے میں ہے امید ہے عوام کا یہ دیرینہ مسئلہ جلد حل کی طرف بڑھے گا۔آئینی حقوق کے حوالے سے ایک اور ،سوال کے جواب میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سرتاج عزیز کی سربراہی میں بنائی گئی آئینی کمیٹی سے ہم مطمئن ہیں گزشتہ کمیٹی اجلاس کے بعد وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمٰن نے خطے کی تمام جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلائی جس میں اکثریتی رائے کے ذریعے خطے کو مکمل آئینی صوبے کے حوالے سے مثبت تجاویز پیش کی گئیں جو کہ ایک تاریخی اور خوش آئند اقدام ہے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی دانشمندانہ اور قائدانہ صلاحیتوں کے باعث آج خطے میں امن،تمام سیاسی ،سماجی و مذہبی پارٹیوں کے مابین ہم آہنگی،عوامی اہمیت کے حامل منصوبوں پر کام جاری ہے ہم امید کرتے ہیں کہ عوام کے امیدوں پر اتریں اور خطے کو ایک ترقی یافتہ علاقہ بنائیں۔ایک موقع پر انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری سے ترقی کے مذید نئی راہیں کھلیں گی یہ منصوبہ پاکستان کا مستقبل ہے جس سے بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا۔دشمن کبھی بھی اس منصوبے کی تکمیل نہیں چاہتا۔گلگت بلتستان کی قیادت اور عوام کو مطمئن کئیے بغیر اس منصوبے کو کامیاب نہیں بنایا جاسکتا۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر صوبوں کی طرح گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ بھی با اختیار وزیر اعلیٰ ہیں ہماری حکومت کے بننے کے بعد بہت ساری اصلاحات اوراقدامات کئیے گئے ہیں جو ماضی میں کبھی بھی نہیں کئے گئے۔ماضی کی حکومتوں نے لوٹ مار،کرپشن،اقراباپروری،اور میرٹ کی دھجیاں اڑانے کے علاوہ کچھ نہیں کی۔ن لیگ کی صوبائی حکومت میرٹ کی بحالی،شفافیت اور کفایت شعاری پر مکمل یقین رکھتی ہے۔چوروں اور لٹیروں کا احتساب ضرور ہوگا۔گلگت بلتستان میں نیب اور ایف آئی اے مکمل با اختیار اور متحرک ادارے ہیں۔چور اور لٹیرے قانون کے شکنجے میں ہونگے۔ن لیگ کی حکومت بننے کے بعد اب تک ایک بھی کرپشن کا سکینڈل سامنے نہیں آیا۔ہماری پارٹی عوامی پارٹی ہے اور ہماری پارٹی عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتی ہے۔تمام اداروں کوکرپشن فری ادارے بنائیں گے۔انکا مذید کہنا تھا کہ حکومت اور تمام قانون نافذکرنے والے اداروں کی بہترین پالیسیوں کے نتیجے میں خطے میں مکمل امن ہے۔امن ہم سب کی ضرورت ہے اور امن کے بغیر ترقی بھی ممکن نہیں انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قیام امن اور علاقے کی تعمیروترقی میں حکومت کا ساتھ دیں اور اپنا کردار ادا کریں۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button