گلگت بلتستان

آئینی حقوق کے بغیر ظالمانہ ٹیکس کو مسترد کرتے ہے۔ جے۔یو۔آئی گلگت

گلگت( پ ر) آئینی حقوق کے بغیر ظالمانہ ٹیکس کے نفاذ کو جے۔یو۔آئی مسترد کرتی ہے۔یہ عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے کے مترادف ہے۔ ٹیکسز کے خلاف کنٹریکٹرز ایسو سی ایشن کے احتجاج میں جے۔یو ۔آئی ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گی۔ سب سے بڑی مذہبی و سیاسی جماعت ہونے کے ناطے عوام کے بنیادی حقوق کے لئے کسی بھی انتہائی اقدام سے گریز نہیں کرے گی۔ جے یو آئی کنٹریکٹرز ایسو سی ایشن کے احتجاج کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار جمیعت علماء اسلام ضلع گلگت کے امیر منہاج الدین و ضلعی سیکریٹری اطلاعات مولانا رحمت اللہ سراجی نے لیگی حکومت کی طرف سے جی۔بی کے مظلوم عوام پر گرائے جانے والے انکم ٹیکس کے ڈرون حملے پرانتہائی غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے انکم ٹیکس کے نفاذ کو مسترد کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کے منافی قرار دیا۔انکم ٹیکس کا نفاذ اور اس کی شرح میں اضافہ یہ عوام دشمنی پر مبنی فیصلہ ہے۔ جی۔بی کے عوام کو مسلم لیگ کو ووٹ دینے پر سزا دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ راجوں، مہا راجوں کا دور نہیں ہے، عوام با شعور ہو چکے ہیں، تمام مکاتب فکر کے علماء کرام ، سیاسی رہنما اور عوام ایف سی آر طرز کے نئے مالیاتی ٹیکس کے خلاف بھرپور تحریک چلائیں گے۔بین الاقوامی قوانین کے تحت جو علاقہ کسی بھی ملک کے آئین کا مکمل اور باقاعدہ حصہ نہ ہو وہاں پر کسی بھی قسم کے ٹیکسز کا نفاذ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے مینڈیٹ سے تجاوز کر رہی ہے۔ ٹیکسز کا نفاذ یہ حکومت کا نہیں بلکہ یہ جی بی کونسل کا سبجیکٹ ہے جبکہ اس وقت جی بی کونسل کا وجود ہی نہیں۔ سابقہ کونسل نے انکم ٹیکس ایکٹ کو پاس ہی نہیں کیا تھاگلگت بلتستان کے عوام اس سے پہلے ہی ظلم و استحصال کا شکار ہیں جو آٹے کے تھیلے کے لئے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوں، جہاں بجلی نا پید ہو، جو تعلیم، صحت ، ٹرانسپورٹ اور مواصلات جیسے بنیادی حقوق سے محروم ہو ان پر ٹیکس در ٹیکس نافذ کرنا انہیں زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔حکومت فوری طور پر اپنا ظالمانہ فیصلہ واپس لے کر گلگت بلتستان کو ٹیکس فری زون قرار دے بصورت دیگر گلگت بلتستان کے غیور عوام وفاق پرستوں کی اینٹ سے اینٹ بجانے پر مجبور ہوں گے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button