صحتگلگت بلتستان

اسکردو: سرحدی تحصیل گُلتری کے عوام اکیسویں صدی میں تعلیم اور صحت جیسی بُنیادی سہولیات سے یکسرمحروم

گلگت( ریاض علی) سرحدی تحصیل گُلتری کے عوام اکیسویں صدی میں بھی تعلیم اور صحت جیسی بُنیادی سہولیات سے یکسرمحروم ہیں جو حکومت اور انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے اداروں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار سوشل خدمت خلق فاؤنڈیشن گُلتری کے صدر و پی پی پی کے رہنماء رضا حیدری نے گلگت میں پامیر ٹائمز سے گُفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گُلتری میں ایک BHUاور 10بیڈ ہسپتال ہیں مگر ڈاکٹر،پیرا میڈیکل اسٹاف اور ادویات دستیاب نہیں جبکہ محکمہ صحت بلتستان کے ذمہ داران اعلیٰ حُکام کو سب صحیح کی رپورٹ دیکر گُلتری کے سرحدی مجاہدعوام سے سراسر ظلم کر رہے ہیں۔ رضا حیدری نے کہاہے کہ سرحدی علاقہ گُلتری کی دونوں یونینوں کی خواتین اس جدید دور میں بھی تعلیم اور صحت کی بُنیادی سہولیات سے محروم ہیں، خواتین چھو ٹی چھوٹی بیماریوں کے علاج کے لئے دُشوار گُذار سفر طے کرکے سکردو اور گلگت آتے ہیں جبکہ پورے گُلتری میں بچیوں کی تعلیم کے لئے واحد مقامی ایم اے پاس پروفیشنل لیڈی ٹیچر جو ساڑھے تین سالوں سے بچیوں کے لئے تعلیم دے رہی تھی کو بھی فارغ کر کے سرحدی تحصیل گُلتری کی معصوم و مظلوم بچیوں سے اُن کی تعلیم کا بُنیادی حق بھی چھین لیا گیا ہے۔

رضا حیدری نے کہا کہ جنگ آزادی، 1965، 1972 ، اور 1999 ء کی کارگل جنگ میں مُلکی بقا و سلامتی کے لئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ مجاہدانہ کردار ادا کرنے والے سرحدی عوام کو یکسر محکوم و محروم رکھ کر اُن سے تعلیم اور صحت کے بُنیادی حقوق چھین کر آکر کیا پیغام دیا جارہاہے کہ گلتری کے عوام پاکستانی نہیں کیا اُن کا دفاع وطن کے لیے کردار ادا کرنا غلط ہے۔

اُنہوں نے فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل عاصم مُنیر، گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن اور چیف سیکریٹری گلگت بلتستان طاہر حُسین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سرحدی تحصیل گُلتری کے عوام کے بُنیادی حقوق کی فراہمی اور اُن کے مسائل کے حل کے لئے فوری طور اقدامات اُٹھائیں۔رضا حیدری نے کہاہے کہ وہ علاقہ گُلتری کے عوامی مسائل کو اعلیٰ حُکام تک پہنچانے کے سلسلے میں خصوصی طور گلگت آئے ہیں اس سلسلے میں جلد ملاقات کرکے صورت حال سے آگاہ کریں گے اور صورت حال کو بعد ازاں ایک پریس کانفرنس کے زرئعے واضح کریں گے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button