متفرق

کوہستان، وزیر اعلی کے ادھورے دورے کے خلاف کمیلہ میں ریلی نکالی گئی گو خٹک گو کے نعرے

کوہستان (نامہ نگار)وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کا ادھورادورہ کوہستان کے بعد مقامی متاثرین اشتعال میں آگئے ،مظاہرین نے کمیلہ شہر میں شاہراہ قراقرم پر ریلی نکالی اور دھرنا دیا۔ شہرکمیلہ گو خٹک گو کے نعروں سے گونجتا رہا۔ مظاہرے کی قیادت جمعیت علما( ف) کے رہنما مولانا ولی اللہ کررہے تھے ۔ مطاہرین کا کا کہنا تھا کہ صوبائی مشیر عبدالحق کی ایماء پر وزیراعلیٰ متاثرہ گاوں اتھور سے ستر کلومیٹر دور پٹن لوئر کوہستان سے واپس گئے ہیں اور متاثرین کا حال تک نہ پوچھا ،جس سے متاثرین زخموں پر نمک پاشی ہوئی ہے ۔ سب سے زیادہ اموات اپر کوہستان میں ہوئی اور صوبائی حکمران متاثرین کی دلجوئی کئے بغیر سرکاری ہیلی کاپٹر میں واپس چلے گئے ہیں ۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ اب حکومت کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں کریں گے ۔ مقررین نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی مدد آپ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کیلئے موقع پر روانہ ہوں ۔مظاہرے میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ پانچ روز قبل کوہستان کی تحصیل کندیا کے دورافتادہ گاؤں باڑی میں آسمانی بجلی پہاڑ پر گری ،جس کے باعث خطرناک لینڈ سلائیڈنگ نے پورے گاوں اتھورباڑی میں موجود انیس گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور تیس افراد ملبے تلے دب گئے تھے ۔ مقامی انتطامیہ اور علاقہ مکینوں نے امدادی سرگرمیاں جاری رکھتے ہوئے پانچ زخمیوں اور دو لاشوں کو ملبے سے نکالا ہے جبکہ 23افراداب بھی ملبے تلے دبے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر کوہستان راجہ فضل خالق کے مطابق موسم کی خرابی کے باعث ہیلی کاپٹر سروس شروع نہ کی جاسکی اور ضلعی انتظامیہ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں ۔متاثرین کو فوڈ آئیٹم فراہم کردئے گئے ہیں۔وسیع پیمانے پر شاہراہ قراقرم کی بندش امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ ہے ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button