کوہستان

متاثرین داسو ڈیم کےمطالبات جائز ہیں، وفاقی حکومت مسائل حل کرے، مشیر اطلاعات مشتاق غنی

کوہستان(نامہ نگار) کوہستان، مشیر اطلاعات خیبر پختونخواہ مشتاق احمد غنی نے کہاہے کہ متاثرین داسو ڈیم کے مطالبات جائز ہیں وفاقی حکومت فوری طورپر اُن کے مطالبات حل کرے ۔ کوہستانی قوم محب وطن ہیں اور ملکی مفاد کے خاطر اپنے جائیدادوں اور قبرستانوں کی قربانی دے رہے ہیں ۔ صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایبٹ آباد میں اپنی رہائش گاہ پر متاثرین داسو ڈیم ( زیرآب) کی جانب سے آئی ہوئی کمیٹی سے بات چیت میں کیا۔انہوں نے کہا کہ لینڈ ایکوزیشن کی ذمہ داری ڈپٹی کمشنر کی ہے ، واپڈا اور وفاق کی جانب سے کوئی پریشر قبول نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو احساس ہے کہ کوہستان کے متاثرین اپنی املاک چھوڑ کر بے گھر ہورہے ہیں ، ورلڈ بنک کی پالیسی کے مطابق متاثرین کو مراعات دلوائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگلے چند دنوں میں متاثرین سے وزیراعلیٰ ملاقات بھی کریں گے جس میں تمام مسائل پر بات ہوگی ۔ مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ زیرآب آنے والی اراضی کا معاوضہ قانونی ہے جسے قیمت کے برابر نہیں کیا جاسکتا۔ کمشنر کو کہیں گے کہ وہ زمینوں سے متعلق تمام مسائل فوری حل کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کے بحران کے خاتمے کیلئے صوبے میں بڑے وسائل ہیں ۔ مگر وفاقی حکومت تاخیری حربے استعمال کررہی ہے ۔کمیٹی ممبران میں سے مولانا عبدالوارث کندیا، دیدار شاہ کندیا ، غلام سید جالکوٹ ، سون میاں جالکوٹ ، ملک گلاب سیو، شمس الرحمن سیو، راجہ محمد عارف سازین و دیگر نے اس موقع پر مشیر اطلاعات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انصاف کی حکومت بہت جلد اُن کے مطالبات حل کریگی ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button