متفرق

ہربن کے ساتھ حدود تنازعے پر اپنے موقف سے ایک انچ پیچھے ہٹنے کے لئے تیار نہیں ہیں، اہلیانِ تھور کا پریس کانفرنس سے خطاب

چلاس(مجیب الرحمان)اہالیان تھور کی نمائندہ کمیٹی کے ممبران نمبردار ایوب ،نمبردار بشیر،عنایت اللہ ،محمد خان،حبیب الرحمان،محمد امان،جانان،محمد غنی،امیر حاتم،مولوی جانباز،عبدالقاہر ،ذوالکفل اور دیگر نے چلاس شہر میں پر ہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہربن کے ساتھ حدودتنازعے میں اپنے موقف سے ایک انچ پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں۔اہالیان تھور نے جذبہ خیر سگالی کے تحت کشیدگی کے خاتمے کے لئے ہربن کے عوام کے در پر گئے۔مگرہربن کے عوام نے اس وقت کہا تھاکہ آپ جو فیصلہ کرینگے اسے تسلیم کرینگے۔جس پر تھور کے عوام نے متفقہ طور پر فیصلہ سنا کر بال ہربن کے عوام کے کورٹ میں پھینک دی۔ہربن کے عوام نے ٹال مٹول سے کام لیتے ہوئے تاحال کوئی مستقل حل نہیں نکل سکا اور معاملہ بدستور لٹکا ہوا ہے۔اس دوران دیامر تھور کے سیاسی اور سماجی شخصیت حاجی دلبر خان نے ذاتی طور پر ہربن والوں سے فیصلے کو منوانے کی بارہا کوششیں کیں جو بے سود ثابت ہوئیں۔

جس پر اہالیان تھور کے عمائدین اور علماء پر مشتمل کمیٹی نے اجلاس کے بعد متفقہ طور پر پریس کانفرنس میں آج کے بعد ذاتی طور پرفرد واحد کی طرف سے فیصلے کو منوانے کی کوششوں سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں۔اور کسی بھی قسم کی ڈائیلاگ اور کوششوں کو ہر گز تسلیم نہیں کرینگے۔حکومت بھی کسی فرد واحد کی باتوں میں آنے سے گریز کرے۔جو بھی فیصلہ ہوگا عوام کا مشترکہ طور پر ہوگا۔اور کمیٹی کی مشاورت اور اتفاق رائے کے بعد ہوگا۔

پریس کانفرنس میں مزید کہا گیا کہ تھور ہربن کے مابین حدود کا شرعی فیصلے کے علاوہ کوئی بھی فیصلہ قبول نہیں کرینگے۔اس بات پر پورے تھور کے عوام متفق ہیں۔اپنے حق کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے ہرگز دریغ نہیں کرینگے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہربن کے حدود میں مویشی خانے جلانے کے واقعے سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔یہ واقع تھور کے عوام کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔اگر تھور کے عوام اس طرح کے بزدلانہ واقعات کرتے تو شروع میں ہی کرتے۔لیکن تاحال تھور کے عوام نے صبر اور حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے۔آئندہ بھی کرتے رہیں گے اور پر امن طریقے سے اپنے حق کی حصول کی خاطر جدوجہد جاری رکھیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button