متفرق

حکومت کا ہر ادارہ کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے، چھیالیس کھرب ڈالر بھی ملے تو تبدیلی نہیں آئے گی، نواز ناجی

اشکومن(کریم رانجھا) ؔ ہم بحثیت قوم اجتماعی بے حسی کا شکار ہیں،اکنامک زون کے لئے چھیالیس ارب کی بجائے چھیالیس کھرب ڈالر بھی ملیں تو نتیجہ کچھ نہیں نکلنے والا،حکومت کا ہر ادارہ کرپشن میں ڈوباہوا ہے،ترقی کے لئے بند ذہنوں کو کھولنا ہے اور یہ صرف تعلیم سے ہی ممکن ہے،دنیا سرعت سے تبدیل ہورہی ہے ،نئی نسل کو تیار رہنے کی ضرورت ہے،اساتذہ طلبہ کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دیں ،

سنٹرل ایشیاء انسٹیٹیوٹ گلگت کے زیر انتظام ایمت میں قائم سنٹرل ایشیاء سکول اینڈ ڈگری کالج میں منعقدہ سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قانون ساز اسمبلی حلقہ 1نواز خان ناجی کا مزید کہنا تھا کہ جو کام حکومت نے کرنا تھا وہ کام سنٹرل ایشیاء انسٹیٹیوٹ جیسی غیر سرکاری تنظیمیں کررہی ہیں۔اشکومن جیسے دورافتادہ مقام پر علم کی روشنی پھیلانے کے لئے اس ادارے نے اب تک کئی ادارے قائم کئے ہیں جو علاقے کی نئی نسل کو جدید نظام تعلیم سے روشناس کررہی ہے۔پورے ریجن میں غیرسرکاری تنظیموں کے زیر نگرانی چلنے سکولز میں اس کو اس لئے خصوصی اہمیت حاصل ہے کہ یہاں پر ڈگری سطح تک تعلیم دی جاتی ہے جس سے علاقے کے غریب طلبہ وطالبات استفادہ کررہی ہیں۔انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی کردار سازی پہ بھر پور توجہ دیں ۔علم ہی وہ واحد ہتھیار ہے جس سے زمانے کے چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے،اس وقت گلگت بلتستان میں ہر سرکاری ادارہ کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے ،جب تک ہم اپنے ذہن تبدیل نہ کردیں ،ترقی ناممکن ہے۔اس سے قبل مہمان خصوصی نے مجاور کے مقام پر سنٹرل ایشیاء انسٹیٹیوٹ کی جانب سے قائم کردہ ووکیشنل ٹریننگ سنٹر کا افتتاح کیا۔

pics-cai

انسٹیٹیوٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سعیدالللہ بیگ نے اپنی خطاب میں ادارے کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس ادارے کے بانی گریگ مورٹینسن نے انسانی خدمت کے جذبے کے تحت ادارے کا قیام عمل میں لایا جس سے دکھی اور غریب انسانوں کی ذہنی ترقی کے لئے کاوشیں ہورہی ہیں اور اس وقت اس ادارے کے زیر نگرانی وسط ایشیاء میں چار سو سے زائد تعلیمی ادارے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔اشکومن جیسے پسماندہ علاقے میں اس وقت اس ماڈل ڈگری کالج کے علاوہ چار مزید سکول کام کررہے ہیں ۔ادارہ یہاں سے فارغ التحصیل طلبہ وطالبات کے لئے سکالر شپ پروگرام کا بھی انعقاد کررہا ہے۔

تقریب سے احمد سلیم ،چئیرمین بورڈ آف ڈائریکٹر سی اے آئی گلگت،علی مدد ،صدر اسماعیلی کونسل ایمت،شاہ رئیس ،پرنسپل ،سنٹرل ایشیاء سکول اینڈ ڈگری کالج نے بھی خطاب کیا۔پروگرام کے آخر میں بورڈ کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button