متفرق

رات بھر چولہا جلانے کے باعث دم گھٹنے سے گلمت گوجال کے مقامی ہوٹل میں خاتون سیاح جان بحق

ہنزہ ( اجلال حسین ) سنگا پور سے تعلق رکھنے والی خاتون سیاح مبینہ طور پر کمرے میں گیس بھر جانے کی وجہ سے ہلاک ہوگئی۔ حادثہ جمعہ اور ہفتے کی رات بالائی ہنزہ کے تحصیل ہیڈ کوراٹر گلمت کے ایک مقامی ہوٹل میں پیش آیا۔

مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ ہوٹل میں سنگا پور سے تعلق رکھنے ایک ہی خاندان کے 15 افراد مقیم تھے۔ ایک کمرے میں میاں بیوی اور ان کے دو بیٹے موجود تھے۔ سخت سردی کی وجہ سے رات بھر کمرے میں گیس کا چولہا جلایا گیا جس کی وجہ سے کمرے میں زہریلی گیس بھر گئی، اور دم گھٹنے کے باعث  خاتون سیاح منیرہ بانو زوجہ صافی جان بحق، جبکہ تین دیگر افراد بے ہوش ہو گئے۔

فیملی ممبران کے مطابق صبح نماز کے اوقات میں جگانے کے لئے دراوزے پر بار بار دستک دی گئی۔ جواب نہ ملنے پر کمرے کا دروازہ ہوٹل کے ماسٹر کی سے کھولا گیا تو چاروں افراد بے ہوش پڑے تھے۔ چاروں کو فوراً سول ہسپتال گلمت پہنچایا گیا، جہاں  ڈاکٹر نے منیرہ بانو کے جان بحق ہونے کی تصدیق کی۔

میاں صافی محمد اور ان کے دو بے ہوش بیٹوں کو فوری طور پر آغاخان ہیلتھ کلنک علی آباد لے جایا گیا جہاں ان کی حالت سنبھل گئی۔

بعد ازاں قائم مقام ڈپٹی کمشنر ہنزہ شہریار خان نے ہوم ڈپارٹنمنٹ گلگت بلتستان اور متعلقہ سفارت خانے کو اطلاع دی۔ ہنزہ پولیس کے جوانوں کے ہمراہ میت اور ان کے اہل خانہ کو اسلام آباد روانہ کردیا گیاہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ معاملہ بظاہر حادثہ لگ رہا ہے، لیکن ہر پہلو سے چھان بین کی جارہی ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد صورتحال واضح ہو جائے گی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button