عوامی مسائل

دیامر میں گندم کا بحران

چلاس(بیورورپورٹ) ضلع دیامر میں گندم کا شدید بحران پیدا ہوگیا ،محکمہ خوراک کے حکام نے دو ماہ کا گندم کوٹہ غائب کر دیا ،عوام سراپا احتجاج بن گئے ۔ محکمہ خوراک کے زمہ داروں نے گندم ڈپوز کو تالے لگا کر عوام کو پریشانی میں مبتلا کر کے رکھ دیا، منشیوں کی من مانی سے چلاس میں گندم کی مصنوعی قلت سے لوگوں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آچکی ہے۔ ضلع دیامر کے دوردراز علاقوں تھک،نیاٹ،کھنر،تھور ،ہڈوراوربٹوگاہ کے عوام گندم نہ ملنے کی وجہ سے چاول اور بسکٹ کھا کر زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔ان خیالات کا اظہار دیامر کے عوامی وسماجی حلقوں نے چلاس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک دیامر کے ذمہ دار حکام عوام کو منصفانہ طور پر گندم تقسیم نہیں کررہے ہیں ،اور عوام کو شناختی کارڈز جمع کرانے کے بہانے عوام کو دو ماہ کے گندم کوٹہ سے محروم کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سول سپلائی کے تمام عملہ نے گندم بیچ کر کاروبار شروع کیا ہوا ہے ،اور کرپشن کے ذریعے عوام کا حق مارا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر خوراک دیامر میں گندم بحران پر خاموشی کے بجائے ،متعلقہ حکام کے خلاف ایکشن لیں اور عوام کو وقت پر گندم کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے فوری احکامات جاری کریں ۔انہوں نے وزیر اعلی اور چیف سیکرٹری سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ محکمہ خوراک ضلع دیامر میں ہونے والی لوٹ مار کا نوٹس لیں اور غریب عوام کو ان کے گھر کی دہلیز پر گندم پہنچایا جائے،ورنہ عوام سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button