کوہستان

کوہستان : گرینڈ جرگے میں تحصیل پالس کو لوئر کوہستان میں ضم رکھنے پر اتفاق

کوہستان (نامہ نگار) کوہستان، سپریم کورٹ کی جانب سے ضلع لوئر کوہستان کی بحالی کے حکم نامے کے بعد تحصیل پالس کو لوئر کوہستان میں ضم رکھنے پر اتفاق ہوا ہے جس کیلئے کوہستان(اپر) کے دونوں تحصیلوں کے سینکڑوں مشران و عمائدین نے اپنا فیصلہ سنادیا ، حکومت کو عملدرآمد کیلئے چار روز کی ڈیڈلائن دیدی ۔تفصیلات کے مطابق پیر کے روزضلع کوہستان (اپر) کے صدرمقام داسو میں دونوں تحصیلوں (داسو اور کندیا) کے سینکڑوں مشران و عمائدین ، علماء، سول سوسائیٹی کا گرینڈ جرگہ ہوا،جس میں سابق ڈسٹرکٹ چیئرمین و ممبران ، سابق ممبران صوبائی اسمبلی کے علاوہ عوام نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے حاجی ملک سخی ، ملک بختک، ملک شاہ حسن ،ملک ججیل ، مولی شمشیر، حاجی عبدالقوی ، ملک ولی خان ،ملک شیر عالی، احسان الحق ، ملک قدم خان ، ملک خان بہادر ، ملک سرنزیب، ملک سیراج ، ملک گلاب ، جانس خان ، ملک زرنوش ،حاجی ملوک شاہ ، مولانا ولی اللہ توحیدی و دیگر نے کہا کہ لوئر کوہستان کی بحالی کی حمایت کرتے ہیں جس سے علاقے میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔ گرینڈ جرگے میں فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی رو سے تحصیل پالس کے تمام تیرہ یونین کونسل لوئر کوہستان کا حصہ ہیں جنہیں اپر کوہستان میں ملانے کی کوشش کی گئی تو ہر گز برداشت نہیں کریں گے۔ جرگے میں فیصلہ ہوا کہ تحصیل پٹن اور تحصیل پالس کے کسی بھی علاقے کو کوہستان اپر میں شامل ہونے نہیں دیں گے ۔ جرگہ ممبران کا کہنا تھا کہ ضلع لوئر کوہستان کے قیام کے بعد اب یہ اختیار حکومت اور وہاں کی عوام پہ ہے کہ وہ اُس کا صدرمقام کہاں منتخب کرتے ہیں ہمیں اس سے کوئی سروکار نہیں ۔ جرگے نے انتباہ کیا کہ ڈیموں کی رائلٹی ،اربوں روپے کے علاقائی فنڈزاور ہزاروں ملازمتوں میں حصہ داری کیلئے کوئی اپر کوہستان میں خود کو شامل کرنا چاہے تو اس کی ہر فورم پر سختی سے مخالفت اور مزاحمت کریں گے۔جرگے نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمدرآمد کیلئے دس فروری تک الٹی میٹم دیدیا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button