چترالکالمز

ڈان و د اتصالات

بشیر حسین آزادؔ

لوگ انگریزی میں کہتے ہیں’’Down with Etisalat‘‘اس کا اردو ترجمہ اتصالات مُردہ باد ہی ہوسکتا ہے۔اس نعرے کو ٹیلیفون ،ڈی ایس ایل اور براڈ بینڈ،3جی اور4جی کی ناکام سروس سے تنگ آنے والے ٹیلیفون صارفین نے متعارف کرایا ہے۔محکمہ ٹیلیفون کی نجکاری کا ایک بڑا فائدہ یہ ہوا ہے کہ اب لوگ حکومت کے خلاف مردہ باد کانعرہ نہیں لگاتے۔اتصالات مُردہ باد کا پُرجوش نعرہ لگاتے ہیں۔فون لائن مہینے میں 27دن خراب رہتی ہے۔ ڈی ایس ایل کی سروس ہفتے میں 6دن معطل رہتی ہے فورجی،تھری جی کام ہی نہیں کرتا۔برانڈ بینڈ کانام ونشان ہم نے نہیں دیکھا۔چترال کے صارفین کہتے ہیں کہا اتصالات نے فون کو برباد کردیا۔فون کا عملہ کہتا ہے کہ فنی اور تکنیکی مسائل ہیں۔شہروں سے آنے والے لوگ کہتے ہیں۔پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) نے لینڈ لائن،ڈی ایس ایل اوربراڈ بینڈ کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔چترال کی چھ لاکھ آبادی میں ٹیلیفون صارفین کی تعداد 2لاکھ ہے۔دو لاکھ صارفین لینڈ لائن فون،وی فون اور ڈی ایس ایل کا بل ادا کرتے ہیں۔مہینے میں تین دن بھی ٹھیک طرح سے سروس نہیں دی جاتی ہے۔بل پورے کا پورا لیا جاتا ہے۔جولوگ دوسال پہلے پی ٹی سی ایل سے پینشن لیکر فارغ ہوئے وہ کہتے ہیں کہ فنی اور تکنیکی مسئلہ کوئی نہیں۔جس کمپنی نے ٹیلیفون کو خریدا ہے وہ سابق وزیراعظم شوکت عزیز کی آف شور کمپنی ہے۔عرب شیخ فرنٹ مین بنا ہوا تھا۔اب اُس نے ہاتھ کھینچ لیا ہے۔شوکت عزیز کی کمپنی کے ساتھ جو معاہدہ ہوا وہ یکطرفہ تھا یعنی پاکستان کے مفاد میں کوئی بات اس میں نہیں تھی۔ملازمین کے مفاد میں کوئی بات نہیں تھی اور صارفین کی مفاد میں کوئی بات نہیں تھی۔کھربوں کی جائیداد کوڑیوں کے مول شوکت عزیز نے اپنی کمپنی کو فروخت کردی۔میاں محمد نواز شریف کی حکومت نے پی ٹی سی ایل کی جائیداد اتصالات کے حوالے کرنے سے انکار کیا ہے۔حکومت کی سطح پر یہ جھگڑا چل رہا ہے۔کمپنی کے اندر دوقسم کے تنازعات ہیں۔ شوکت عزیز نے عرب شیخ کو فارغ کرکے چینی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔ عرب شیخ چاہتا ہے کہ شوکت عزیز کو فارغ کرکے امریکی کمپنی کو پورے اثاثے فروخت کرے۔دوسرا تنازعہ یہ ہے کہ اتصالات نے پی ٹی سی ایل کے تجربہ کار عملے کو فارغ کردیا۔اب اس کمپنی کے پاس نہ انجینئرز پورے ہیں اورنہ ٹیکنیشین۔ اگر مارکیٹ میں انجینئر کی تنخواہ دولاکھ روپے ہے تو اتصالات 30ہزار روپے میں انجینئر لانا چاہتی ہے۔اگر مارکیٹ میں ٹیلی کام ٹیکنیشین کی تنخواہ 80ہزار روپے ہے تو اتصالات اس ٹیکنیشین کو 15ہزار یا10ہزار روپے دیتی ہے۔اکثر جگہوں پر جونیئر کلرک،سکیورٹی گارڈ اور چوکیدار سے ٹیکنیشین کا کام لیا جاتا ہے۔پی ٹی سی ایل چترال کے صارفین نے گذشتہ چھ ماہ کے دوران کئی بار احتجاج اور پریس کانفرنس کیا،فون لائینوں کو ٹھیک کرنے ،ڈی ایس ایل کو درست کرنے اور فائبر آپٹک سسٹم کے ذریعے براڈ بینڈ کی سہولت دینے کا مطالبہ کیا۔اب تو اتصالات کا شکایات والا نمبر1218بھی کام نہیں کرتا۔آپ شکایات کرینگے تو مہینے میں بھی جواب نہیں آئے گا۔اگر جواب آیا تو غلط ہوگا۔چترال میں پی ٹی سی ایل کے صارفین نے ’’اتصالات مُردہ باد‘‘ کے نعرے کے ساتھ عرب شیخ اور کمپنی کے شراکت دار شوکت عزیز اور جنرل مشرف کے پُتلے جلانے کا پروگرام بنایا ہے۔اگر آف شور کمپنی جرم ہے تو شوکت عزیز اور پرویز مشرف کو کٹیرے میں کھڑا کیا جائے اور قوم کی پائی پائی کا حساب مانگا جائے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button