تعلیم

شگر: ڈائریکٹر ایجوکیشن بلتستان کی علمائے امامیہ شگر سے ملاقات

شگر(نامہ نگار) ڈائریکٹر ایجوکیشن بلتستان کی علمائے امامیہ شگر سے چھورکا شگر میں ملاقات۔ شگر میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر محکمہ تعلیم بلتستان ریجن مجید خان نے چھورکا شگر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے علمائے امامیہ شگر سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر علمائے امامیہ شگر کے تمام ممبران موجود تھے۔ ڈائریکٹر سے ہونے والی ملاقات میں علمائے امامیہ شگر کے صدر سید طہ الموسوی نے ڈائریکٹر کو شگر کے تعلیمی مسائل پر بریفنگ دی۔ انہوں نے ڈائریکٹرسے کہا کہ اگر محکمہ تعلیم شگر میں کسی قسم کی سقم موجود ہیں تو اس کا تمام ذمہ دار ڈپٹی ڈائریکٹر اور ڈی ڈی اوز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی ڈائریکٹر اپنے 2 ملازمین کو نہیں سنبھال سکا تو وہ ضلع کو کس طرح سنبھال پائیں گے۔ سید طہٰ شمس الدین الموسوی نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے افسران تمام مسالک کے لئے قابل اعتبار ہونا چاہئے اور مذہب اور سیاست کو بالاے طاق رکھ کر علاقے کی تعلیمی صورتحال کو بہتر سے بہتر کرنے کی جانب توجہ دینی چاہئے۔ لیکن بدقسمتی سے شگر بھر میں خصوصا ڈی ڈی ایجوکیشن شگرکی آفس میں ایک ہی گروہ کی مکمل اجارہ داری ہے اور مذہبی سیاسی اور رشتہ داری کی بنیادوں پر تقرری اور تبادلے ہورہے ہیں۔ جس کی وجہ سے تعلیمی نظام بری طرح متاثر ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ جس پر فوری طور پر کنٹرول نہیں کیا گیا تو نتائج خطرناک بر آمد ہوسکتے ہیں۔ ملاقات میں موجود ایک ذریعے نے بتایا کہ ڈائریکٹر ایجوکیشن نے تمام مسائل سننے کے بعد اسے حل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرنے کی یقین دہانی کی ہے اور علما امامیہ سے مل کر شگر کی تعلیمی صورتحال کو بہتر کرنے کے لئے اقدامات کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

اس سے پہلے انہوں نے ہائی سکول چھورکاہ کا بھی دورہ کیاجہاں انہوں نے سکول کے ایس ایم سی سے ملاقات کی ۔ ایس ایم سی نے سکول کے مسائل اور مشکلات سے ڈائریکٹر ایجوکیشن کو آگاہ کیا جس پر انہوں نے ان مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button