گلگت بلتستان

رضا ربانی کا کہنا درست ہے کہ گلگت بلتستان کو آئین پاکستان میں شامل کئے بغیر مشترکہ مفادات کونسل میں نمائندگی کی کوئی منطق نہیں۔ سعدیہ دانش

گلگت (خبرنگارخصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کی سیکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کے بیان پر تنقید کرنے والے پہلےآئین پاکستان اور مشترکہ مفادات کونسل میں فرق کو سمجھیں۔آئین پاکستان مقدم ہے نہ کہ مشترکہ مفادات کونسل،مشترکہ مفادات کونسل کا قیام آئین میں اٹھارویں ترمیم کے بعد عمل میں لایا گیا ہے۔ہفتہ کے روز انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ رضا ربانی نے درست کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو آئین پاکستان میں شامل کئے بغیر مشترکہ مفادات کونسل میں نمائندگی کی کوئی منطقی گنجائش نہیں اور آئین میں شامل کئے بغیر مشترکہ مفادات کونسل میں نمائندگی سے کشمیر کاز متاثر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو مشترکہ مفادات کونسل سمیت تمام اہم قومی فورمز میں نمائندگی کے لئے پہلے آئین پاکستان میں ترمیم کر کے قومی دھارے میں شامل کرنا ہوگاجس کی راہ میں وفاقی اور صوبائی حکومت خود روڑے اٹکا رہی ہیں۔اس معاملے میں سپیکر جی بی اسمبلی اور صوبائی حکومت بغیر منطق اور دلیل کے اپنی مرضی کی تاویلیں پیش کر رہے اور ناشاد صاحب آج جس جی بی اسمبلی کے سپیکر بن کر پیپلز پارٹی کے تابوت میں کیل ٹھوکنے کی بات کرتے ہیں وہ اسمبلی بھی پیپلز پارٹی کے دئیے ہوئے سیلف گورننس آرڈیننس کی مرہون منت ہے۔

سعدیہ دانش نے کہا کہ اگر نواز لیگ مخلص ہوتی تو سرتاج عزیز کی سربراہی میں کمیٹی اب تک سفارشات تیار کر کے وزیراعظم کو بھیج چکے ہوتے اور اس نااہلی کا اقرار گزشتہ دنوں وفاقی وزیر برجیس طاہر اپنی پریس کانفرنس میں کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی آئینی حقوق کے معاملے میں دوہرا معیار اپنائے ہوئے ہیں اور صوبائی حکومت پر اس حوالے سے دباؤ ڈانے کے بجائے اخباری بیانات کے ذریعے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔پیپلز پارٹی کی ملکی اور جی بی قیادت کا اس حوالے سے واضح اور دوٹوک موقف ہے کہ گلگت بلتستان کو آئینی حق ملنا چاہئے اور ہم اس کے لئے بھر پور جدوجہد کررہے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button