گلگت بلتستان

گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی میں انتظامِ آفات کا بل پیش کردیا گیا

گلگت ( پ ر) گلگت بلتستان صوبائی اسمبلی کا پندرہواں اجلاس سپیکر صوبائی اسمبلی فدا محمد ناشاد کی سربراہی میں شروع ہوا جس کے آغاز میں اسمبلی کے رکن محمد علی شیخ کے روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

اس اجلاس میں صوبائی وزیر قانون و تعمیرات ڈا کٹر محمد اقبال نے گلگت بلتستان میں آفاتی انتظامی بل 2017بھی پیش کیا۔ اس بل کے تحت صوبے بھر میں موسمی و قدرتی آفات کی صورت میں ریلیف اور بحالی کے کاموں کو موثر طور پر سرانجام دینے کے لیئے صوبائی سطح پر ادارے کے قیام اور اضلاع میں دفاتر کے قیام کے لیئے اقدامات کئے جائیں گے ، یاد رہے کہ گلگت بلتستان قدرتی آفات کا شکار رہتا ہے اور موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے باعث ہر سال بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ صوبائی سطح پر ہر ضلع میں ڈیزاسٹر میجنمنٹ کے ادارے کے قیام کے بعد عوامی شکایات کو رفع کرنے اور ہنگامی حالات کی صورت میں فوری طور پر اقدامات کرنے کے لیئے اس ادارے کی اشد ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔

اجلاس کے دوران صوبے میں مقامی اخبارات کی جانب سے اشاعت کی معطلی کے معاملے پر بھی سوالات کئے گئے جس کے جواب میں ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی جعفر اللہ خان نے بتایا کہ مقامی اخبارات کو اشتہارات کی مد میں ادائیگیوں کا معاملہ حل کرنے کے لیے نیوز پیپر سوسائٹی اور دیگر صحافتی تنظیموں کا موقف لے لیا گیا ہے ۔ ڈپٹی سپیکر نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ انہوں نے اور وزیر تعمیرات و قانون ڈاکٹر اقبال نے اس سلسلے میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان سے بھی ملاقات کی ہے اور پہلے مرحلے میں ادائیگیوں کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں، جعفر اللہ خان نے بتایا کہ صوبائی حکومت میڈیا کے کردار، خصوصا مقامی اخبارات کے حوالے سے مثبت سوچ رکھتی ہے، حکومت ہر معاملے میں میڈیا کے ساتھ تعاون کے لیئے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحافتی اداروں کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لیئے ہماری حکومت نے صوبائی سطح پر انفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں علیحدہ سیکریٹری اطلاعات کی تعیناتی کی منظوری بھی دے دی ہے ، ساتھ ہی ساتھ اس ادارے کو مزید فعال بنانے کے لئیے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں، اس موقع پر سپیکر فدا محمد ناشاد نے ایک کمیٹی بنانے کا بھی اعلان کیا او ر ہدایات جاری کیں کہ یہ کمیٹی صحافتی تنظییموں اور میڈیا ورکرز کے ساتھ گفت شنید کرے گی اور مسائل کے حل کے لیے اپنی سفارشات بھی پیش کرے گی۔ اس کمیٹی میں سینئر وزیر جانباز خان، ڈپٹی سپیکر جعفر اللہ خان اور وزیر قانون ڈاکٹر اقبال شامل ہونگے۔ سپیکر نے مزید ہدایات جاری کیں کہ یہ کمیٹی میڈیا کے نمائیندوں کے مسائل کے حل کے لیے اپنی سفارشات جلد سے جلد مرتب کرے۔

اجلاس میں اپوزیشن کے اراکین اور ڈپٹی سپیکر جعفر اللہ خان کی جانب سے سکیموں کے آغاز میں تاخیر کے معاملے کی نشاندہی کے بعد سپیکر اسمبلی نے وزیر تعمیرات کو ہدایات جاری کیں کہ محکمہ تعمیرات اور محکمہ منصوبہ بندی کے سیکرٹریزسے سکیموں کی بابت ایک بریفنگ کا انتظام کیا جائے تاکہ اراکین اسمبلی کو ADP2015-16اور ADP 2016-17کی سکیموں کے حوالے سے آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں کہا کہ موجودہ سال کی جاری سکیموں اور گزشتہ سالوں کی سکیموں کے حوالے سے بریفنگ میں اراکین اسمبلی کو آگاہ کیا جائے تاکہ تمام اراکین اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار پر نظر رکھ سکیں۔

سپیکر فدا محمد ناشاد نے وزیر تعمیرات کو ہدایت دی کہ بلتستان ڈویژن میں دو پلوں کے منہدم ہونے کے بارے میں تشکیل دی جانے والی کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی جائے تاکہ زمہ داراں کو قرار واقعی سزا دی جا سکے۔ اجلاس کل دوسرے دن بھی جا ری رہے گا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button