اہم ترین

گلگت بلتستان کی تعمیر ترقی میں ہزہائنس آغا خان کی دلچسپی اور کردار پر عوام مشکور ہیں، وزیر اعلی

گلگت: وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان خصوصاً گلگت بلتستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی حکومت، عسکری اداروں اور عوام کی مشترکہ کوششوں سے گلگت بلتستان ایشیاء کا پرامن خطہ قرار پایا ہے جس کی وجہ سے گلگت بلتستان میں سیاحت کو فروغ ملا ہے۔ موجودہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا ہم سب کی ذ مہ داری ہے ہمیں اپنے ارد گرد کے ماحول پر نظر رکھنا ہوگا اور جوکوئی امن کو خراب کرنے کی سازش کرے قانون نافذ کرنے والوں کو ان کی نشاندہی کرے ہمارا ازلی دشمن بھارت جو دنیا میں تنہائی کاشکار ہورہا ہے پاکستان اور گلگت بلتستان کی ترقی روکنے کیلئے سازشوں میں مصروف ہے ہم نے مل کر دشمن ملک کے تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہے اور امن و بھائی چارگی کے ماحول کومزی فروغ دینا ہے تاکہ سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے امن و امان کے اس ماحول کو قائم رکھنا اور مستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہنر مند افراد کوتیارکرنا ہمارے لئے چیلنج ہے جس کیلئے حکومت نے حکمت عملی بنائی ہے اور بھرپور اقدامات کررہی ہے۔

ان خیالات کاظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ہز ہائنس پرنس کریم آغاخان کی ڈائمنڈ جوبلی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے اس موقع پر کہاکہ حکومت اور گلگت بلتستان کے عوام کی جانب سے امامت کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر ہزہائنس پرنس کریم آغاخان اور اسماعیلی برادری کو مبارک باد پیش کرتے ہیں اور امید ہے کہ ڈائمنڈ جوبلی کے حوالے سے منعقدہ یہ پروگرام گلگت بلتستان میں ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے کا سبب ہوگا۔ ہزہائنس پرنس کریم آغاخان کی 60 سے زیادہ ممالک میں خدمات خصوصاً گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں دلچسپی اور ان کے کردار پر گلگت بلتستان کے عوام ان کے مشکور ہیں کہ انہوں نے خدمت کا جذبہ اور عملی کام کا آغاز اس وقت کیا جب حکومت کے پاس وسائل کی کمی تھی تعلیم، صحت سمیت دیگر شعبوں میں کام کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نوازشریف سے ملاقات میں خصوصی درخواست کی تھی کہ ان کی گزشتہ سال ہزہائنس پرنس کریم آغاخان سے ملاقات میں پاکستان اور گلگت بلتستان کے دورے کی دعوت دیں۔ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے ہزہائنس پرنس کریم آغاخان کو دورے کی دعوت دی ہے جسے ہزہائنس پرنس کریم آغاخان نے قبول کیا ہے اور گلگت بلتستان آنے کی یقین دہانی کرائی جو ہمارے لئے باعث فخر ہے۔ حکومت گلگت بلتستان نے AKDN کے اداروں کے ساتھ مل کر مختلف منصوبوں کا آغاز کیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت منصوبوں کا قیام انتہائی کامیاب رہا ہے جسے مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ڈائمنڈ جوبلی کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں ہزہائنس پرنس کریم آغاخان کی صحت اور سلامتی کیلئے نیک خواہشات کے اظہار کیا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button