سیاست

نواز شریف پاکستان کا گوربا چوف ثابت ہورہے تھے، نااہلی کے فیصلے نے وفاق کو بچا لیا، سعدیہ دانش ترجمان پیپلز پارٹی

گلگت(خصوصی رپوٹر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سیکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ نواز شریف پاکستان کے گورباچوف ثابت ہو رہے تھے،انکی نااہلی نے وفاق کو بچالیا ہے،والیم 10 کے ہوش رُبا انکشافات سے میر جعفر اور میر صادق کی حقیقت سامنے آچکی ہے۔تجارت کی خاطر ملکی سلامتی کو داو پر لگانے والے خس و خاشاک کی طرح بہہ گئے ہیں اور ملک کے مستقبل کے ساتھ کھیلنے والوں کا اپنا مستقبل تاریک ہو چکا ہے۔لوہے کے چنے کہلانے والے ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔ہفتہ کے روز انہوں نے ایک بیان میںں کہا ہے کہ میڈیا پر صبح و شام طوفانِ بدتمیزی کھڑا کرنے والوں کی رعونت خاک بن کر اڑ چکی ہے۔کرپشن کے عالمی ریکارڈ قائم کرنے والا پورے گھرانے کو لے ڈوبا ہے،نواز شریف کی تا حیات نااہلی قوم کے دل کی آواز ہے،دراصل شریف خاندان نے تاریخ سے سبق نہیں سیکھا اور اپنے پاوں پر کلہاڑی مار بیٹھا۔انہوں نے کہا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کا وہ تاریخ ساز جملہ سچ ثابت ہوا کہ ایک وقت آئیگا جب نواز شریف مجھے اور میرے والد کو یاد کر کے روئے گا۔بھٹو خاندان پر دشنام طرازی کرنے اور ظلم و ستم کے پہاڑ توڑنے والے ضیاء کے سیاسی گماشتے مشیت ایزدی سے مکافات عمل کا شکار ہو چکے ہیں۔



انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے تاریخ سے سبق نہیں سیکھا اور مسلسل سنگین غلطیاں دہرا رہے ہیں۔انکو تاریخ کی یہ مسلمہ اور ناقابل تردید حقیقت یاد رکھنی چاہیے کہ ضیاء کی قبر نشان عبرت بن چکی ہے اور گھڑی خدا بخش پاکستان کا سیاسی قبلہ قرار پایا ہے۔پاکستانی عوام نے اس حقیقت کو باور کر لیا ہے کہ کس خاندان نے ملکی سلامتی کو داو پر لگا کر اپنی تجارت اور اقتدار کو فروغ دیا اور کس خاندان نے ملک و قوم کی بقا و استحکام کی خاطر نہ صرف اقتدار کو ٹھوکر ماری بلکہ پورا خاندان قربان کر دیا۔تین نسلوں کا حساب دینے کی باتیں کرنے والے نام نہاد شرفا سنگین جرائم بد عنوانی اقربا پروری اور منی لانڈرنگ ثابت ہو کر مجرم قرار پائے ہیں۔جبکہ تین نسلیں ملک و قوم پر نچھاور کر نے والا بھٹو خاندان کامیاب و کامران اور سرخرو ہو چکا ہے۔طاقتور اور شفاف عدلیہ مظبوط اور مستحکم جمہوریت کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی کے بعد گلگت بلتستان کے آئینی حقوق سی پیک اور سکردو روڈ سمیت دیگر جھوٹے وعدے کر کے مینڈیٹ حاصل کرنے والی حفیظ سرکار کی مثال اب مردہ گھوڑے کے جیسی ہو چکی ہے۔گلگت بلتستان کے عوام اب ان سے ایک ایک جھوٹے وعدے کا حساب لینگے اور موجودہ وزیر اعلی وزراء اور کرپٹ آفیسروں کا کڑا احتساب کیا جائے گا۔پیپلز پارٹی اپنے نوجوان قائد بلاول بھٹو کے کرپش سے پاک پاکستان کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔کیونکہ کرپشن کے ناسور نے ملک کو کھوکھلا کر دیا ہے۔جس طرح ذوالفقار علی بھٹو شہید نے دفاعی طور پر ناقابل تسخیر پاکستان کے خواب کو عملی تعبیر بخشی اسی طرح بلاول بھٹو کی قیادت میں وطن عزیز معاشی طور پر ناقابل شکست حقیقت کا روپ دھارے گا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button