چلاس ( شہاب الدین غوری سے ) ضلع دیامر کے مختلف علاقوں تھک ، گونرفارم ،تھور ، بٹوگاہ ، بونر داس سمیت سب ڈویژن داریل تانگیر میں تباہ کن بارشوں نے تباہی پھیلا دی ، ایک شخص جان بحق دوسرا لاپتہ ، ہزاروں کنال زرعی اراضی مکانات کو شدید نقصان پہنچا شاہراہ بابوسر ناران مختلف مقامات پر بند کئی گاڑیاں لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئیں ۔ گزشتہ رات گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں نے ضلع دیامر کے مختلف علاقوں میں تباہی مچا دی ۔ گونر فارم میں سیلابی ریلے میں دو افراد بہہ گئے ایک کی لاش نکال لی گئی جبکہ دوسرا تاحال لاپتہ ہے ۔ اس کے علاوہ کئی ایکڑ اراضی کو شدید نقصان پہنچا ۔ تھک میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے سے کئی گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں جبکہ کار میں سوار افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے ۔ سیلابی ریلے سے کئی مکانات کو شدید نقصان پہنچا اور ہزاروں کنال اراضی متاثر ہوئی ۔ شاہراہ بابوسر ناران کئی مقامات سے بلاک ہو گئی ہے ۔ جس کی بحالی کیلئے دو دن لگ سکتے ہیں ۔سیلاب کے باعث تھک فیز ٹو پاور ہاؤس بند ہو گیا جس سے چلاس شہر کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ۔ علاوہ ازیں تھور اور داریل تانگیر میں موسلادھار بارش سے کئی مکانات کو نقصان پہنچا اور کھڑی فصلیں متاثر ہوئی ۔ شاہراہ بابوسر ناران کی بندش سے سینکڑوں سیاح محصور ہو گئے ہیں ۔ تھک کے مقامی لوگوں نے پھنسے ہوئے سیاحوں کو اپنے گھروں میں رات گزارنے کیلئے جگہ فراہم کی ۔ ضلعی انتظامیہ نے حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے اور شاہراہ بابوسر ناران کی بحالی کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
Like this:
Like Loading...
Related
آپ کی رائے
comments
Back to top button