عوامی مسائل

صدر ممنون حسین کا دورہ ہنزہ عوام کے لئے پریشانی اور اذیت کا باعث ثابت ہوا: سروے رپورٹ

ہنزہ ( بیورو چیف ،سروے رپورٹ ) صدر پاکستان ممنون حسین کا تین روزہ دورہ ہنزہ اختتام پذیر ہوگیا، عوام پریشان رہے ، میر غضنفر علی خان کو کروڑوں روپے کا فائدہ ہوگیا.

تفصیلات کے مطابق، آج صدر مملکت پاکستان ممنون حسین کے دورہ ہنزہ کا اختتام ہوگیا۔ تین روزہ دورے کے دوران پر امن ہنزہ کے مختلف علاقوں میں کرفیو کا سماں رہا، جس کی وجہ سے کاروباری مراکز ، ٹرانسپورٹ، اور دیگر معمولاتِ زندگی بُری طرح متاثر ہوئیں۔

صدر پاکستان کی آمد پر ہنزہ کے عوام صدر کو خوش آمد کہنے کے لئے گرم جوشی سے تیار تھے مگر پر امن ہنزہ جہاں لاکھوں سیاحوں کی آمد گزشتہ دو مہنوں سے جاری ہے وہاں پر صدر پاکستان ممنون حسین کے لئے سیکورٹی خدشات ظاہر کرتے ہوے بازاروں کو زبردستی بند کردیا گیا، جبکہ شاہراہ قراقرم پر ٹرانسپورٹ اور پیدل چلنے والوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگائی گئی۔ ان غیر معمولی انتظامات کی وجہ سے ضلع بھر کے مکین اور ہزاروں سیاح مایوسی کا شکار ہے گئے، اور انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

جبکہ دوسری طرف ہنزہ میں گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان کی رہائش گاہ کی مکمل طور پر سرکاری خرچ پر مرمت کی گئی، واش رومز ، کمروں اور صحن تک کی تزئین و آرائش کی گئی، اور سرکاری اخراجات پر محل کا پرانا استعمال شدہ سامان بھی تبدیل کر دیا گیا ۔ اس طرح، گورنر میر غضنفر علیخان دورے کی وجہ سے مالا مال ہو گئے۔

میڈیا سروے کے مطابق صدر پاکستان کے دورہ ہنزہ سے عوام ، سیاحوں اور مریضوں کو نہ صرف سخت پریشانی کا سامنا ہوا بلکہ گلگت بلتستان انتظامیہ کو بھی عوام کی ناراضگی کاسامنا کرنا پڑا۔

صدر پاکستان کے دورہ کے موقع پر ضلع ہنزہ کے عوام کو مکمل طور پر محصور کیا گیا، جبکہ غلطی یا کسی مجبوری کے تحت شاہراہ قراقرم پر نکلنے والی خواتین و حضرات کے ساتھ ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں نے بدتمیزی بھی  کی۔ تاہم عوام کی جانب سے علاقے میں پرامن فضا کو قائم رکھنے کے لئے صبر تحمل کا مظاہرہ کیا گیا۔

میڈیا سروے کے دوران عوامی حلقوں نے ہنزہ میں KIUکیمپس کا افتتاح غیر متعلقہ جگہے پر محدود سطح پر کروانے پر شدید تنقید کی ہے، حالانکہ اس کیمپس کی افتتاح کے نام پر لاکھوں روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ عوامی سطح پر کہا جارہا ہے کہ اگر صدر مملکت KIUکیمپس ہنزہ کی افتتاحی تقریب میر کے محل میں کرنے کی بجائے ایوان صدر اسلام آباد میں بھی کرتے تو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

عمومی تاثر یہ ہے کہ صدر پاکستان کا نجی دورہ ہنزہ عوام کے لئے مختلف قسم کی مشکلات کا سبب بنا، جبکہ میر غضنفر علی خان کو شاہی محل کی مرمت اور تزئین و آرائش کے ذریعے نوازا گیا۔ صدر کے دورے نے علاقے میں مایوسی اور پشیمانی پھیلادی ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button