گلگت ( پ ر) پاک فوج کا مقامی انتظامیہ کے ہمراہ شگر کے گاوں ارندو میں ریلیف آپریشن، جبکہ آرمی میڈیکل کور کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد، تفصیلات کے مطابق سکردو شہر سے 115کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ارندو گاوں میں مویشی خانے میں موجود بھوسے کے ڈھیر میں آگ لگنے کے بعد رہائشی مکانوں کو بھی آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں پانچ گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے اور متعدد لوگ جھلس گئے، جبکہ چار مویشی بھی ہلاک ہو گئے ۔ مجموعی طور پر اس واقعے میں 52افراد متاثر ہوئے ۔
واقعے کے فوری بعد پاک فوج کی جانب سے ریلیف اینڈ ریسکیو کا عمل شروع کیا گیا اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ ملکر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا گیا۔ پاک فوج اور انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ خاندانوں میں پچاس کمبل ، پندرہ ٹینٹ اور پچیس راشن کے بیگ تقسیم کیئے گئے۔ واقعے کے فورا بعد آرمی میڈیکل کور کی جانب سے علاقے میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جہاں فوری طبی امداد کا سلسلہ شروع کیا گیا۔ کیمپ میں آگ سے متاثرہ افراد کا فوری علاج کیا گیا جن میں سے تین آگ سے شدید متاثر ہوئے تھے، جبکہ بارہ افراد کو معمولی زخم آئے تھے۔ جبکہ تیرہ ایسے افراد کا بھی علاج کیا گیا جن کو مختلف نوعیت کی بیماریاں تھیں۔ ایک مریض کی آنکھ متاثر ہوئی تھی جس کو فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے زریعے سکردو منتقل کر دیا گیا۔
مقامی بریگیڈ کے کمانڈر اور کمشنر بلتستان بھی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی ۔ مقامی افراد نے فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کیے جانے پر پاک فوج اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔