اہم ترینخبریں

گلگت بلتستان میں بنک ٹیکس کی کٹوتی کا سلسلہ پیر سےختم کر رہے ہیں، صوبائی وزرا کا گلگت میں پریس کانفرنس

گلگت ( پ ر) حکومت کی دن رات کی کوشش اور عوامی امنگوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکسز کے نفاذ کے فیصلے کو واپس لیتے ہوئے پیر کے دن سے گلگت بلتستان میں بنک ٹیکس کی کٹوتی کا سلسلہ ختم کر رہے ہیں، اس سلسلے میں ان لینڈ ریونیو ڈپارٹمنٹ جی بی کو وفاقی حکومت کی جانب سے باقاعدہ ہدایات جا ری کی جا چکی ہیں۔ جس نے تمام بنکوں کو ہدایات دے دی ہیں کہ وہ ٹیکس کٹوتی کا سلسلہ فی الفور روک دیں۔ ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعمیرات و قانون ڈاکٹر محمد اقبال اور پارلیمانی سیکریٹری برائے قانون اورنگز یب ایڈوکیٹ نے برملا اس بات کا اظہار کیا کہ ریاست کسی شخص یا تنظیم کو قانون اپنے ہاتھوں میں لینے کی اجازت نہیں دے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنا وعدہ پورا کردیا ہے، ہماری حکومت عوامی مینڈیٹ لیکر اقتدار میں آئی ہے اور ہمیں عوام کی مشکلات کا اندازہ ہے۔ لیکن کچھ عناصر مسائل کے حل کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں، حکومت ہر صورت عوامی مفاد کو بالاتر رکھے گی اور ایسے فیصلے کیئے جائیں گے جس سے عوام کو فائدہ ہو۔

ڈاکٹر اقبال نے کہا کہ ہمارے کیئے گئے وعدے پورے ہو رہے ہیں جس کا ثبوت یہ ہے کہ سکردو میں کونسل کے منعقدہ اجلاس کے منٹس وزیر اعظم پاکستان سے باقاعدہ منظوری کے بعد جاری ہو چکے ہیں جس کی روشنی میں گلگت ان لینڈ ریونیو کے دفتر نے جی بی میں کام کرنے والے بنکوں کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ پیر کے دن سے کسی بھی قسم کی ٹیکس کٹوتی نہیں کی جائے گی۔

پریس کانفرنس میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون اورنگزیب ایڈوکیٹ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے صوبائی حکومت کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے فی الفور ٹیکسز کی کٹوتی کو روکنے کے لیئے احکامات جاری کر دیئے تھے، جس کے بعد فنانس بل 2015-16کے تحت گلگت بلتستان میں وصول کیئے جانے والے ٹیکسوں کی کٹوتی کو روکنے کے لیئے اقدامات کیے گئے ۔ مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں اپنا بھر پور کردار ادا کیا اور ممبران کونسل سمیت تمام عہدیداران نے مسئلے کے حل کے لیے کوششیں کیں۔

اورنگزیب ایڈوکیٹ نے کہا کہ پیر کے دن کیمپ آفس کھلا ہوگا، عوام کسی بھی شکایت کی صورت میں ہم سے رجوع کر سکتی ہے ، تمام صوبائی کابینہ اور حکومت کے عہدیداران کسی بھی شکایت سے نمٹنے کے لیے اور عوام کے مسائل کے حل کے لیئے دستیاب ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ایسے افراد جو کہ حکومت کی نیت کو شک کی نگاہ سے دیکھ رہے تھے انہیں اب سمجھ لینا چاہیے کہ حکومت نے عوام اور تمام تنظیمیوں سے کیئے گئے وعدوں کو سچ کر دکھا یا۔

پریس کانفرنس کے موقع پر معاونین خصوصی برائے وزیر اعلی گلگت بلتستان فاروق میر او ر حاجی عابد علی بیگ بھی موجود تھے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button