پروفیسر عثمان علی (مرحوم) کو صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا گیا، فرزند نے گورنر گلگت بلتستان سے ایوارڈ وصول کیا
اسلام آباد۔ گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان نے یوم پاکستان کے موقع پر پروفیسر عثمان علی( مرحوم ) کو صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جانب سے صدارتی ایوارڑ برائے حسن کارکردگی(بعد از وفات )سے نوازا۔یوم پاکستان کے موقع پرخصوصی تقریب میں پروفیسر عثمان علی(مرحوم ) کے فرزند نے گورنر گلگت بلتستان سے صدارتی ایوارڑ برائے حسن کارکردگی وصول کیا ۔
گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان نے کہا کہ پروفیسر عثمان علی (مرحوم)گلگت بلتستان کے ایک قیمتی اثاثہ تھے جنہوں نے ادب کے شعبے میں گراں قدر خدمات پیش کئے ان کی پیشہ وارانہ خدمات کو صدیوں تک یاد رکھا جائے گا ۔گورنر گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ آ پ بیک وقت کئی صلاحیتوں کے حامل تعلیم دان ، تاریخ دان ، شاعر اور لکھاری تھے ۔ آپ نے تاریخ قبائل ، تہذیب ، تعلیم اور ادب پر کئی گراں قدر کتب تحریر کئے ۔ ان کتابوں نے آپ کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر ایک مستند لکھاری ہونے کی شناخت بخشی ۔ مرحوم کے ادب کے شعبے میں شاندار خدمات کے اعتراف میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے پروفیسر عثمان علی (مرحوم ) کو صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی (بعد از وفات ) کا اعزاز عطا کیا ہے ۔