ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال چلاس میں ٹی بی کی تشخیص اور علاج کے لئے تمام سہولیات دستیاب ہیں، ڈاکٹر صلاح الدین
چلاس ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ٹی بی کینسر سے خطرناک مرض ہے بے احتیاطی مریض کی جان لے جاسکتی ہے ۔ ملک بھر میں پانچ سو سے زائد سرکاری اور غیر سرکاری اداروں میں ٹی بی کی مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چلاس ڈاکٹر صلاح الدین و دیگر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں عالمی یوم ٹی بی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چائلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹر عبدالباری ، سینئر میڈیکل آفیسرز ڈاکٹر ناصر الدین ، ڈاکٹر انعام اللہ ، ڈاکٹر جاوید ، ڈاکٹر شکور ، ڈینٹل سپیشلسٹ ڈاکٹر احسان ، ڈاکٹر ریاض ، مانیٹرنگ آفیسر پی پی ایچ آئی دیامر محمد عارف ،نیشنل ٹی بی پروگرام کے کوارڈنیڑز شہزاد عالم ، محمود عالم و دیگر بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر صلاح الدین نے کہا کہ ٹی بی قابل اعلاج مرض ہے ۔ مریض کی دیکھ بھال اور تشخیص ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چلاس میں ٹی بی کے تمام ٹیسٹ کی سہولت موجود ہے ۔ اس موقع پر سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ناصر الدین نے کہا کہ دوران علاج ناغہ کرنے سے یا علاج ادھورا چھوڑنے سے ٹی بی کا مریض مزاحمتی ٹی بی کا شکار ہو سکتا ہے جو ٹی بی کی پیچیدہ اور خطرناک شکل ہے ۔ مریض کے ساتھ ہمدردانہ اور دوستانہ رویہ مرض کی روک تھام کیلئے انتہائی ضروری ہے ۔ علاج کا عمومی دورانیہ چھ ماہ ہے ۔ ڈاکٹر کی ہدایات کے بغیر علاج ہر گز نہ چھوڑیں ۔ تقریب کے آخر میں نیشنل ٹی بی کنٹرول پروگرام کے کوارڈنیٹر شہزاد عالم نے کہا کہ پوری دنیا میں آج ٹی بی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے ۔ دیامر میں سرکاری مراکز صحت اور منتخب پرائیویٹ کلینک ،ہسپتال میں ٹی بی کی ادویات مفت دستیاب ہیں ۔