تعلیم

قراقرم یونیورسٹی امتحانی بورڈ نابینا طلبہ و طالبات کے ساتھ زیادتیوں کا سلسلہ بند کرے، ارشاد کاظمی

گلگت(پریس ریلیز) ارشاد کاظمی چیئرمین ویژن ویلفیئر فاؤنڈیشن گلگت کنونیئیر بلائنڈ ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی امتحانی بورڈ علاقے میں موجود نابینا طلبہ و طالبات کے ساتھ بدترین زیادتیوں کا سلسلہ فوری بند کرے۔ ملک بھر کی تمام سرکاری جامعات اور تعلیمی بورڈز کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے امتحانات کے دوران نابینا طلبہ و طالبات کو ہر طرح کی امتحانی فیسوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ نہ صرف یہ بلکہ سرکاری تعلیمی بورڈز کی جانب سے نابینا طلبہ و طالبات کو ڈگریاں، سرٹیفکیٹس اور مائیگریشن وغیرہ بھی بلکل مفت فراہم کیئے جا رہے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد ملک میں موجود آنکھوں کی بینائی سے محروم افراد کی اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے حوصلہ افزائی کرنا ہے اور ان سہولیات کی نتیجے میں ملک بھر میں ہزاروں نابینا طلبہ و طالبات نے اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے ترقی اور روزگار کے بہترین مواقعوں تک رسائی حاصل کی ہے۔ لیکن قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی امتحانی بورڈ کے ذمہ داران علاقے میں موجود نابینا طلبہ و طالبات کو یہ سہولت فراہم کرنے سے صاف طور پر انکار کر رہے ہیں اور ان سے مکمل فیسیں وصول کی جا رہی ہیں۔ حالانکہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی بورڈ میں پنجاب یونیورسٹی کے امتحانی رولز اینڈ ریگولیشنز پر عمل کیا جا رہا ہے اور پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے نابینا طلبہ و طالبات کو امتحانی فیسوں سے مکمل استثناء اور دیگر سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ 1988 سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں صوبے پنجاب، خیبر پختونخوا سمیت ملک کے دیگر صوبوں کی جامعات اور تعلیمی بورڈز کی جانب سے جاری کردہ خصوصی نوٹی فکیشنز اور سرکولرز کو ثبوت کے طور پر منسلک کر کے بارہا کے آئی یو انتظامیہ اور کے آئی یو بورڈ کے کنٹرولر صاحب کی خدمت میں جمع کروائے جا چکے ہیں اور کے آئی یو بورڈ میں بھی یہ تمام سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جا چکا ہے لیکن اس تمام تر کوششوں کے باوجود یونیورسٹی اور بورڈ کی انتظامیہ ٹس سے مس ہونے کو تیار نہیں ہیں۔ کے آئی یو بورڈ کے عملے کا نابینا طلبہ و طالبات کے ساتھ رویہ بھی غیر مہذبانہ اور غیر شائستہ رہا ہے۔ موجودہ کنٹرولر بورڈ آف ایگزامنیشن کے آئی یو نابینا طلبہ کے ساتھ ملاقات کر کے انہیں درپیش مسائل سننے تک کو بھی تیار نہیں ہے۔ بلکہ کئی دفعہ بورڈ انتظامیہ کے غلط رویوں اور نااہلی کے باعث کئی نابینا طلبہ و طالبات امتحانی عمل میں شریک ہونے سے محروم رہ گئے ہیں اور ان کا قیمتی تعلیمی سال ضائع ہو چکا ہے۔ ہم ملک بھر کی طرح کے آئی یو ایگزامنیشن بورڈ میں بھی نابینا طلبہ و طالبات کو امتحانی فیسوں سے استثنیٰ کا مطالبہ کرتے ہیں اس کے علاؤہ بورڈ میں تعینات عملے کی اخلاقی تربیت بھی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ بورڈ میں بغرذ کام آنے والے طلبہ و طالبات کی عزت نفس اور شخصی وقار کا تحفظ ممکن ہو سکے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button