ٹور ڈی خنجراب: گلگت بلتستان میں خواتین کی اولین سائیکل ریس انمول کریم نے جیت لی
ہنزہ ( اجلال حسین ) ٹور ڈی خنجراب کے سلسلے میں ہنزہ ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی خواتین کی سائیکل ریس عطاآباد جھیل مون بریج سے گلمت پولو گراونڈ آٹھ کلو میٹر طویل، منعقد ہوئی۔ ریس ضلعی ہیڈ کواٹر علی آباد سے تعلق رکھنے والی سائیکلسٹ انمول کریم دخترکریم خان نے جیت لی، جبکہ دوسری پوزیشن حسینی گوجال سے تعلق رکھنے والی نیلوفر امیردخترامیراللہ اور تیسری پوزیشن سانیکا اختر دختر اختر ساکن مایون شناکی نے حاصل کی۔
علاقے کے عوام نے خواتین سائیکلسٹ کو عطاآباد جھیل سے گلمت پولو گراونڈ تک شاہراہ قراقرم کے دنوں اطراف کھڑے ہوکر خوش آمدید کہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
ضلعی انتظامیہ ہنزہ کی جانب سے تعریفی اسناد کے علاوہ پوزیشن حاصل کرنے والے سائیکلسٹس کو نقد انعام سے بھی نوازا گیا۔
ضلعی سطح پر ہونے والی خواتین سائیکل ریس میں ضلع بھر سے29خواتین شریک ہوئیں۔
ضلعی سطح پر ہونے والے خواتین سائیکل ریس کا اختتام گلمت پولو گراونڈ میں ہوا، جہاں ایک پروقار تقریب بھی منعقد ہو ئی ۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صدر اسماعیلی ریجنل کونسل شریف خان تھے۔ اس موقعے پر ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ادیب حسین نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت کا شکریہ ادا کر تا ہو ں جنہوں نے ضلع ہنزہ میں پہلی دفعہ خواتین سائیکل ریس کا انعقاد کیا جس کہ وجہ سے خواتین کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ اس ایونٹ کی وجہ سے بین الاقومی سطح پر سیاحت کو فروغ ملنے کے ساتھ گلگت بلتستان میں مختلف بین الاقومی سطح کے مختلف کھیلوں کے انعقاد کا سلسلہ بھی شروع ہوگا۔
تقریب سے مقررین نے مزید خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو تعلیم کے علاوہ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لینا چاہیے جس طرح مرد بھی مختلف کھیلوں میں حصہ لیتے ہے ۔ خواتین جس طرح تعلیم میں مردوں سے آگے بڑھ گئے ہیں اسی طرح مختلف کھیلوں میں بھی آگے بھی سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہین جنہوں نے ٹور ڈی خنجراب کے حوالے سے ضلعی سطح پر منعقدہ خواتین سائیکل ریس میں حصہ لیا اور 8میٹر کا طویل فاصلہ طے کرتے ہوئے پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح ہم ضلعی انتظامیہ ہنزہ کا بھی شکر گزار ہے جنہوں نے مردوں کے شانہ بشانہ خواتین کے لئے سائیکل ریس کا اہتمام کیا۔
اس موقع پر اے سی ایل آر عارف حسین نے انتظامیہ کی جانب سے عوام ہنزہ کا شکریہ ادا کیا جن کی تعاون سے پہلی دفعہ ضلعی سطح پر ہونے والی خواتین سائیکل ریس کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا ہیں۔