عوامی تحفظ: ضلع گلگت میں واقع تمام ایل پی جی ڈیلرز اور ڈسٹریبیوٹرز کی جانچ پڑتال کی جائے گی
گلگت (پ۔ر) کمشنر گلگت ڈویژن عثمان احمد کے سر براہی میں ایل پی جی گیس سلینڈرز کی خرید و فروخت اور اس سے ملحق ممکنہ خطرات کے تدارک کے حوالے سے ایک اہم اجلاس جس میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر گوہر نفیس ، ڈی سی گلگت ، ایس پی گلگت ، مجسٹریٹس ، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ او ز نے شرکت کی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گلگت ضلع میں موجود تمام ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز اور دیگر افراد جو ایل پی جی کے کاروبار سے منسلک ہیں کی ایل پی جی قوانین کی روشنی میں جانچ پڑتال کی جائیے گی اور ایسے افراد جن کے پاس NOC اور دیگر قانونی ضروری لوازمات کے ساتھ احتیاط و تدابیر کے آلات کی عدم پیروی کی صورت میں سخت قانونی چارہ جوئی کی جائیگی جس میں ایف آئی آر کا اندراج ، سرسری سماعت، پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ ، دکانوں کوسیل ، ایل پی جی سلینڈروں کی مقامی سطح پر بھرائی کے آلات کو ضبط کرنا شامل ہے ۔
ٍٍٍ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ایل پی جی پلانٹس جو گلگت ضلع کے حدود میں واقع ہیں ان کی بھی مروجہ قوانین کی تحت جانچ پڑتال کی جائے گی اور سخت سے سخت قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی۔ اس بابت عوام الناس سے اپیل کی جاتی ہے کہ انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔