کوہستان: زیدکھاڑ نالے میںبجلی گھر کے جنریٹرز کھلے آسمان تلے خراب ہو رہے ہیں، انتظامیہ خاموش تماشائی
کوہستان(نامہ نگار) ضلع کوہستان کے مرکزی شہر کمیلہ جس کی آبادی لاکھوں میں ہے جس کیلئے تعمیر کئے جانے والے زیدکھاڑ نالے کے دو بڑے بجلی کے جنریٹر جن کی مالیت لاکھوں میں ہے ،ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کے باعث کئی سالوں سے ناکارہ پڑے ہیں۔قیمتی جنریٹرز کھلے عام تیز دھوپ اور بارش سے خراب ہونے لگے ، جبکہ بڑی مقدار میں لاکھوں مالیت کا پائب بھی زنگ آلود ہوچکاہے ۔ عرصہ دراز سے مقامی تنازعے کے پیش نظر بند جنریٹر کی بڑی نہر بھی خراب ہوگئی ہے جس پر کاروباری لکڑ براجمان ہیں ۔ زیدکھاڑ نالے میں انسٹال کئے گئے دونوں جنریٹر کی مالیت مبینہ طور پر اسی لاکھ سے زائد بتائی جارہی ہے جو اب تک استعمال نہ ہوسکے اور ناکارہ ہونے کے قریب ہے۔ موجود ہ صورتحال میں جنریٹرز، پائپس اور نہریں خستہ حالی کا شکار ہیں، کچھ پائب اُٹھاکر شاہراہ قراقرم پر رکھ دئے گئے اور کچھ پائپ پتھریلے نالے میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار بکھر ے پڑے ہیں ۔ دوسری جانب کمیلہ شہر میں بجلی کی عدم موجودگی اور مقامی چھوٹے جنریٹرز کم وولٹیج سے تنگ آکر لاکھوں لوگ گرمیوں میں نقل مکانی پہ مجبور ہیں جو لوگ بہ امر مجبوری کمیلہ میں آؓباد ہیں جن میں بچے ، بوڑھے اور خواتین شدید گرمی کی لہر سے پریشان ہیں ۔ ادھر ضلع انتظامیہ کی نااہلی کھل کر سامنے آگئی ہے مقامی سطح پر چھوٹے تنازعوں کو حل کرنے کے بجائے سالہا سال سے اس منظر کا تماشا بین بنی بیٹھی ہے اور اتنے قیمتی مالیت کے جنریٹرز کی حفاظت کیلئے اب تک کوئی اقدام نہیں کیا گیا جس سے قومی خزانے کو نقصان ہونے کے ساتھ ساتھ مفاد عامہ کو بھی شدید نقصان پہنچ رہاہے ۔ کمیلہ کے باسیوں نے حکام بالا سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔