سوست میںبڑی اور چھوٹی گاڑیوںکے لئے نیا اڈہ قائم کرنے کا فیصلہ
ہنزہ ( اجلال حسین ) ایکسائز اینڈ ٹیکسشن ڈپارٹمنٹ ہنزہ نے سوست میں بڑھتی ہوئی ٹریفک رش کی وجہ سے اڈہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسشن افسر ہنزہ یاسر حسین نے کہاکہ سوست میں نہ صرف ملکی سیاحوں کی گاڑیوں کا رش بڑھ گیا ہے بلکہ چین سے آنے والے مسافروں کی گاڑیوں اور کنٹینرزکی وجہ سے بازار میں مسافروں اور راہ گیروں کے لئے چلنا دشوار ہو گیا تھا جس کے باعث محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسشین ہنزہ نے عوامی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے بڑی اور چھوٹی گاڑیوں کے لئے پارکنگ کا بندوبست کیا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر ٹرانسپورٹر چاہیے وہ مقامی ہو یا غیر مقامی ٹرانسپورٹ اڈہ میں گاڑیاں کھڑی کرنے کا پابند ہوگا خلاف قانون کام کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسشن ہنزہ نے ٹرانسپورٹروں کی سہولت کی خاطر سوست میں بھی ایکسائز آفس تعمیر کر دیا ہے جس سے ٹرانسپورٹرز فائدہ لے سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقامی سطح پر چلنے والی گاڑیوں کے علاوہ ٹرک اور چین کی طرف سے آنے والے کنٹینرز بھی ایکسائز اینڈ ٹیکسشن کی جانب سے تعمیر شدہ اڈے میں پارکنگ کرینگے۔