خبریں

قانون ہاتھ میں‌ لینے والوں‌کا حشر کمانڈر خلیل اور شفیق جیسا ہوگا، آئی جی ثنااللہ عباسی کی دھمکی

چلاس ( شہاب الدین غوری سے ) انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان ثناءاللہ عباسی نے کہا ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کا حشر کمانڈر خلیل اور شفیق جیسا ہوگا ۔علم دشمن قوتوں کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا دیامر میں حالیہ سکولوں میں دہشتگردی کے واقعات کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا اور تیس ملزمان و سہولت کاروں کو گرفتار کیا۔ آئی جی پولیس نے واشگاف لفظوں میں کہا کہ حکومت اپنی رٹ ہر صورت برقرار رکھے گی اور اسطرح کے گھناونے فعل میں ملوث ملزموں سمیت سہولت کاروں کو بھی نہیں بخشا جائے گا۔ اس دوران ان کا کہنا تھا کہ یہ اب ریاست کا فیصلہ ہے تعلیم کی شمع مسلسل و مستقل روشن ہی رہے گی اور ہر صورت اس کی حفاظت یقینی بنائیں گے ۔چلاس ہلال شہید پولیس لائن میں حالیہ سکولوں میں دہشتگردی کے واقعات کے بعد پولیس آفیسران و اہلکاروں ، علمائے کرام ، عمائدین ، وکلا ، صحافی و عوام کا حکومت کے ساتھ بہترین تعاون اور کارکردگی کے اعتراف کے حوالے سے ۔۔۔تقریب برائے انعامات ۔۔۔کے نام سے منعقدہ ایک پروقار پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں کمشنر دیامر استور سید عبدالوحید شاہ ، ڈپٹی کمشنر دیامر امیر اعظم حمزہ ، ایس پی دیامر رائے محمد اجمل ، سیشن جج سہیل احمد ، ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق ، سابق صوبائی وزراء عنایت اللہ شمالی ، بشارت اللہ ، صدر مسلم لیگ ن دیامر عبدالوحید ، صدر پیپلز پارٹی دیامر فداواللہ ایڈووکیٹ ، صدر تحریک انصاف دیامر عتیق اللہ ، دیامر یوتھ موومنٹ کے رہنماؤں سمیت علمائے کرام ، اعلیٰ افسران ، عمائدین ، وکلا اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی اس موقع پر سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان ثناءاللہ عباسی نے کہا کہ حالیہ سکولوں میں دہشتگردی کے دوران علمائے کرام دیامر ، عمائدین دیامر ، وکلا ، صحافی اور عوام نے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جس کو ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب پولیس کسی بھی جرم میں ملوث کسی بھی فرد کے ساتھ کسی قسم کی کمپرومائز نہیں کرے گی ۔ریاست نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ہر صورت اپنی رٹ بحال کرنے کیلئے عملی اقدامات کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ داریل اور تانگیر میں جرگے کے زریعے مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جس میں بیگناہوں کو چھوڑا گیا ۔انصاف اور ایمانداری کا سلسلہ شفاف انداز میں اگے بڑھے گا ۔ ریاست حق وانصاف کی بالادستی کیلئے قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔قبل ازیں ایس پی دیامر رائے محمد اجمل نے تمام شرکائے تقریب کے آمد کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ پولیس پبلک اور پریس مربوط تعاون کو فروغ دیکر امن و امان کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر کرتے رہینگے ۔تقریب کے آخر میں انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان ثناءاللہ عباسی ، کمشنر دیامر استور ڈویژن سید عبدالوحید شاہ ، ڈپٹی کمشنر دیامر امیر اعظم سیشن جج دیامر سہیل احمد و دیگر نے پولیس آفیسران و اہلکاروں ، عمائدین و علمائے کرام اور صحافیوں کو تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کئے ۔۔۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button