ڈپٹی کمشنر نے چٹورکھنڈ واٹر سپلائی سکینڈل کا نوٹس لے لیا
اشکومن(کریم رانجھا) ؔ چٹورکھنڈ واٹر سپلائی کا معاملہ ،ڈپٹی کمشنر غذر نے نوٹس لے لیا،علاقے کے نمائندہ وفد سے ملاقات ،متعلقہ محکموں سے تفصیلات لے کر معاملے کا فوری جائزہ لینے کی یقین دہانی کرادی ،وفد نے احتجاج 15نومبر تک موخر کردی۔گزشتہ دنوں چٹورکھنڈ واٹر سپلائی منصوبے میں ہونے والے بے ضابطگیوں اور علاقے کو صاف پانی کی عدم فراہمی کے حوالے سے مقامی اخبارات میں خبر شائع ہوئی تھی جس میں عوام علاقہ کی جانب سے 20اکتوبر کو احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا جس پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر غذ ردلدار احمد ملک نے ممبر قانون ساز اسمبلی نواز خان ناجی اور چٹورکھنڈ کے عمائدین پر مشتمل وفد کے ساتھ اپنے آفس میں ملاقات کی ۔اس موقع پر وفد نے ڈی سی غذر کو پراجیکٹ کے حوالے سے تمام تفصیلات سے آگاہ کیا۔ڈی سی غذر نے اسسٹنٹ کمشنر کو موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پی ڈبلیوڈی سے پراجیکٹ کے متعلق تمام تفصیلات حاصل کریں ۔انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ اس پراجیکٹ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کر کے علاقے میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔وفد کے ارکان نے بعد ازاں میڈیا کے سامنے احتجاج کی کال واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نومبرکے پہلے عشرے تک معاملے پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا،اگر حالات جوں کے توں رہے تو 15نومبر کو بھر پور احتجاج کا آغاز ہوگا۔