گورنر گلگت بلتستان بحیثیت چیف سکاوٹ حلف اٹھائینگے
اسلام آباد (پ ر) گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون سے نیشنل سیکریٹری پاکستان بوائز سکاوٹس ایسوسی ایشن زاہد محبوب اور آنریری پروینشل سیکریٹری گلگت بلتستان بوائز سکاوٹس ایسو سی ایشن بلبل جان شمس نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنر گلگت بلتستان کو بالعموم پاکستان اور بالخصوص گلگت بلتستان میں سکاوٹنگ اور ایسوسی ایشن کے سرگرمیوں ، سکاوٹس کی خدمات اور سکاوٹنگ موومنٹ میں درپیش مسائل کے حوالے سےتفصیلات سے آگاہ کیا ۔ گورنر گلگت بلتستان نے گلگت بلتستان میں گلگت بلتستان بوائے سکاوٹس ایسو سی ایشن کو مختص زمین میں صوبائی ہیڈ کوارٹرتعمیر کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔
گورنر گلگت بلتستا ن راجہ جلال حسین مقپون نے بوائے سکاوٹس کے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں قدرتی آفات اور دیگر مشکلات میں ملک و قوم کی خدمت میں بوائے سکاوٹس حکومت کے دیگر اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں اور ان کی خدمات قابل تحسین اور ناقابل فراموش ہیں ۔
نیشنل سیکریٹری پاکستان بوائزایسوسی ایشن زاہد محبوب اور آنریری پروینشل سیکریٹری گلگت بلتستان بوائز اسکاو ٹس ایسو سی ایشن بلبل جان شمس نے گورنر گلگت بلتستان سے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژن اور مشن کے مطابق گرین اور کلین پاکستان میں پاکستان بوائے سکاوٹس ایسو سی ایشن اور گلگت بلتستان بوائے سکاوٹس ا یسوسی ایشن کا کردار نمایاں رہے گا اور جب بھی حکومت کو سکاوٹس کے خدمات درکار ہوں گے عوام کی خدمت میں ہمہ وقت تیار ہیں۔
بوائے سکاوٹس ایسوی سی ایشن کے وفد کی درخواست پر گورنر گلگت بلتستان نے بحیثیت چیف سکاوٹ گلگت بلتستان حلف برداری کے لیئے آمادگی ظاہر کی اور کہا کہ بہت جلد تقریب منعقد کرکے حلف اُٹھائیں گے ۔