معاشرے کو درپیش سماجی اور معاشرتی مسائل کے حل کیلئے بامقصدتحقیق کا فروغ لازمی ہے، ڈاکٹر عطا ء اللہ شاہ
گلگت ( پ ر) قراقرم انٹر نیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہا ہے کہ معاشرے کو درپیش سماجی اور معاشرتی مسائل کے حل کیلئے بامقصدتحقیق کا فروغ ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر نےKIUکے شعبہ ابلاغ عامہ کے طلباء کے ساتھ انٹر ایکٹیو سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وائس چانسلر نے کہاکہ یونیورسٹی کا اصل مقصد اور مشن معاشرے کو مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کر نے کیلئے بامقصد تحقیق کی روشی میں لائحہ عمل تیار کرنا اور باصلاحیت اور دوراندیش قیادت فراہم کرنا ہے جو تحقیق اور تخلیق کے ذریعے فلاحی ریاست کے انتظام و انصرام میں معاون ثابت ہوں۔منفعت بخش اور معیاری تعلیم تحقیق، طلبا کی کردار سازی اورمعاشرے کیلئے ہنر مند افرادی قوت اور باصلاحیت قیادت فراہم کرنا ان کا مشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے موجودہ دور میں یونیورسٹیزسے مختلف سماجی و معاشرتی مسائل پر رہنمائی حاصل کرنے کے بجائے سماجی طبقات جامعات کو بھی اپنے رنگ میں رنگنا چاہتے ہیں۔KIUمیں سماجی اور معاشرتی مسائل پر بامقصد تحقیق اور تخلیق کو ترویج دینگے تاکہ صوبائی حکومت سمیت مختلف ادارے اس تھنک ٹینک سے تعلیم اورصحت عامہ، ماحولیات، ڈیزاسٹر منیجمنٹ، فوڈ سیکیورٹی، معدنیات اور جنگلات کی بقا کیلئے رہنمائی حاصل کرینگے۔
انہوں نے کہاکہ طلباء معیاری تحقیق کے فروغ کے علاوہ کردار سازی پر خصوصی توجہ مرکوز رکھیں کیونکہ کوئی بھی معاشرہ اقدار کے دوام اور کردار سازی کے بغیر ترقی کے منازل طے نہیں کر سکتا ہے، اورہم دوسری اقوام سے سبقت صرف کردارکی بلندی پر ہی حاصل کر سکتے ہیں۔ KIU کے طلباء گلگت بلتستان کی درخشندہ روایات کے امین اورثقافتی سفیر ہیں لہذا ان کے ہر قول و فعل سے یہاں کے اقدار کی جھلک ملنی چاہیے اور وہ پوری دنیا میں گلگت بلتستان کی متنوع ثقافت اور کردارکی ترویج کیلئے کردار ادا کریں اور کسی بھی منفی سرگرمی میں ان کی شرکت سے پوری قوم کا تشخص خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں معیاری تعلیم و تحقیق کے فروغ، طلباء کیلئے نئے اکیڈمک بلاک ، ہوسٹلز اور سپورٹس کمپلکس سمیت انجینئرنگ فیکلٹی کیلئے بلڈنگ کیلئے جلد تعمیراتی کام شروع ہوگا اورطلباء کو درپیش دیگر مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیئے جائینگے، لہذا وہ اپنی توجہ تعلیم اور تحقیق پر مرکوز رکھیں۔
سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف سوشل سائینسز ڈاکٹر محمد رمضان نے کہا کہ یونیورسٹی کے اساتذہ اور انتظامیہ وائس چانسلر کی قیادت میں یونیورسٹی کے مشن کی تکمیل کیلئے سرگرداں ہے اور وائس چانسلر صاحب کے ویژن کے مطابق سماجی اور معاشرتی مسائل کے حل کیلئے بامعنی تحقیق کو ترویج دینے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرینگے۔