اہم ترین

عوامی امنگوں کے مطابق گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دئیے جائیں، آغا علی رضوی

سکردو (پ ر) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سربراہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ستر سالوں سے آئینی حقوق سے محروم گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کے سب سے زیادہ وفادار شہری ہیں۔ یہاں کے عوام کا جذبہ حب الوطنی پاکستان کے حساس ترین خطے کی حفاظت و سلامتی کا ضامن ہے۔ پاکستان کے ساتھ یہاں کے عوام کی وابستگی مفادات کی بنیاد پر نہیں بلکہ نظریاتی بنیاد پر ہے جو کہ ملک دشمن طاقتوں کے لیے ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ وابستگی شعوری وابستگی ہے اور اس راہ میں کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

آغا علی رضوی نے کہا کہ ستر سالوں سے گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق نہ دینا سیاسی حکومتوں کی عاقبت نااندیشی ہے۔ مزید وقت ضائع کیے بغیر ضروری ہے کہ یہاں کے عوام کو ایک ایسا سیٹ اپ دیا جائے جو عوام کی امنگوں کے عین مطابق ہو۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک یہاں کے عوام کو ایسا سیٹ اپ دیا جائے جس سے خطے میں ترقی و استحکام آئے اور عوامی خواہشات کے مطابق ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا اصل ہدف پاکستان کا آئینی صوبہ ہے اور ہم مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھی حکومت کو سنجیدہ کوشش کرنی چاہیے۔

آغا علی رضوی نے کہا کہ ستر سالہ محرومیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے گلگت بلتستان کو ٹیکس فری زون قرار دے کر ملکی اداروں میں بھرپور نمائندگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہم وفاقی حکومت سے اس توقع کا اظہار کرتے ہیں کہ وہ عوامی امنگوں کے مطابق گلگت بلتستان کو آئینی دھارے میں فوری طور پر شامل کرے گی۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button