اہم ترینتعلیم

قراقرم یونیورسٹی سینٹ اجلاس میں سالانہ بجٹ کی منظوری

گلگت(پ ر) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کی سینٹ نے یونیورسٹی کے سالانہ بجٹ سمیت متعدد اہم امور کی منظوری دیدی۔ سینٹ کا15ویں اجلاس سینٹ کی چیئرپرسن محترمہ خاور ممتاز کی صدارت میں اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں یونیورسٹی کا مالی سال 2018-19کا کرنٹ بجٹ 76کروڑ 18لاکھ روپے جبکہ 6مختلف سکیموں کی مد میں ایک ارب 19کروڑ ، 82لاکھ اور 43ہزار روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔ بجٹ یونیورسٹی کے ٹریثررار محمد اقبال نے پیش کیا۔ بجٹ کے اعدادوشمار کے مطابق کرنٹ بجٹ کا مجموعی حجم761.800ملین روپے تھا۔ جبکہ 6مختلف ترقیاتی سکیموں انجینئرنگ فیکلٹی کیلئے 399.360ملین روپے، ہاسٹل اور سپورٹس کمپلیکس سہولیات کی مدمیں 316.960ملین روپے، ہنزہ کیمپس 93.923ملین روپے،غذر کیمپس 96.474ملین روپے، دیامر کیمپس 90.926ملین روپے اور پرائم منسٹر اسپیشل گرانٹ کی مدمیں 200ملین روپے مختص کیئے گئے ہیں۔ جن کی سینٹ نے باقاعدہ منظوری دیدی۔

اجلاس میں متعدد ملازمین کی اپ گریڈیشن ، پروموشن، پبلیکیشن مراعات، سٹڈی لیو رولزکی منظوری سمیت دیگر اہم فیصلے کیئے گئے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے سینٹ کو یونیورسٹی میں ہونے والی ریسرچ، تدریسی سرگرمیوں سمیت انجینئرنگ تعلیم کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات، قومی و بین الاقوامی سطح پر ہونے والے باہمی معاہدوں، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت، ترقیاتی امور، طلباء، سٹاف اور اساتذہ کے مفادمیں اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

سینٹ کی چیئرپرسن سمیت فاضل ارکان نے وائس چانسلر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلر کی شبانہ روز محنت و کاوشوں سے یونیورسٹی کے نظام میں واضح تبدیلی رونماہوئی ہے اور اب یہ یونیورسٹی قومی و بین الاقوامی سطح پر ابھررہی ہے۔ بعید نہیں کہ KIUبہت جلد پاکستان کی صف اول کی جامعات میں شامل ہوجائیگی۔

سینٹ اجلاس میں چیئرپرسن محترمہ خاور ممتاز کے علاوہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ، سابق وفاقی سیکریٹری شاہداللہ بیگ، سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قاسم جان، ڈائریکٹر جنرل اکیڈمک رضا چوہان، پروفیسر اسلم بیگ، پروفیسر صدرالدین پردھان، ڈاکٹر عالیہ ظفر ڈین کامسیٹ یونیورسٹی، کمشنر دیامرریجن رحمان شاہ، سیکریڑی تعلیم گلگت بلتستان ، رجسٹرار ڈاکٹر عبدالحمید لون، ڈاکٹر سرانجام بیک، محترمہ اسماء ولی نے شرکت کی۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button