اہم ترین

غذر روڈ، سی پیک میں روڈ کی تعمیر میں تاخیر ہوئی تو روڈ کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے، چیف سیکرٹری

غذر(دردانہ شیر) چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کیپٹن (ر) خرم آغا نے کہا ہے تعمیراتی منصوبوں کی تعمیر میں سست رفتاری کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ غذر روڈ کی تعمیر اولین ترجیح ہے اگر سی پیک میں اس روڈ کی تعمیر میں تاخیر ہوئی تو اس روڈ کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھائے جائینگے۔ روڈ کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ باتیں چیف سیکریٹری نے اپنے دورہ غذر کے دوران صحافیوں سے ملاقات میں کی۔

چیف سیکریٹری نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے ۔ ٹھیکیداروں پر واضح کردیا ہے کہ کام مکمل ہوگا اور اس کی ویری فکیشن ہوگی تو بلات کی ادائیگی ہوسکے گی ۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی بھی کریں اور مکمل منصوبوں کی ویری فکیشن کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام اور سرکاری اداروں کے درمیان بہترین تعلقات اور ورکنگ ریلیشن شپ سے ہی تعمیر و ترقی کا عمل آگے بڑھ سکتا ہے۔ سرکاری ملازمین اور عوام ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں۔ ایک دوسرے کے ساتھ مل کر جل کر ہی ہم ترقی کے سفر میں آگے بڑھ سکتے ہیں ۔ علاقے میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور شرح خواندگی میں اضافہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ غذر کی شرح خواندگی سے متعلق رپورٹ انتہائی تشویش نا ک ہے ۔ اگر غلط اعداد و شمار کسی رپورٹ میں شائع ہوئے تو یہ پورے علاقے کی بدنامی ہوگی ۔

غذر پبلک سکول کے حالت زار بہتر بنانے کے لئے بورڈ آف گورنرز تجاویز دے تاکہ ضلعی ہیڈ کوارٹر میں معیاری سکول قائم کرکے تعلیم کے فروغمیں کامیاب ہوسکیں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام تعاون کریں گاہکوچ شہر میں بچیوں کے لئے الگ پبلک سکول بنائیں گے جو کہ بورڈ آف گورنرز کے زیر نگرانی چل سکے اور ضلع کے بچیاں بہتر ماحول میں تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوں گی ۔ ہزاروں کی تعداد میں بچے اور بچیاں سکولوں سے باہر ہیں تو یہ انتہائی تشویش ناک بات ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال گاہکوچ میں ماہر ڈاکٹروں کی تعیناتی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ڈی ایچ او غذر کو ہدایت کی ہے کہ وہ سپیشلسٹ ڈاکٹروں کو غذر میں ڈیوٹی پر راضی کریں۔ میں فوری طور ان ماہر ڈاکٹروں کی اپائنمنٹ یقینی بناوں گا ۔ صحت کی سہولیات کی کمی کے باعث عوام کو بہت سارے مسائل کا سامنا ہے ۔ گاہکوچ کو پینے کے صاف پانی فراہم کرنے کا گریٹر واٹرمنصوبہ ٹینڈر کے مرحلے تک پہنچا ہے۔ محکمہ تعمیرات عامہ کے حکام آئندہ ایک ماہ کے اندر اس اہم ترین منصوبے کا ٹینڈر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام الناس اور صحافی حضرات ترقیاتی کاموں میں کام کے معیار پر کڑی نظر رکھیں۔ جہاں کہیں بھی ناقص میٹریل استعمال ہونے کی خبر ملتی ہے تو فوری طور پر آگاہ کریں۔ تاکہ حکومت عوامی وسائل میں رکاوٹیں ڈالنے اور خرد برد کرنے والوں کا محاسبہ کرسکے ۔

انھوں نے ایک سوال کے جواب میں میں گرلز کالج طاوس کی تعمیر میں سستی کا مظاہرہ کرنے والے ٹھیکدار کے خلاف کارروائی کی بھی یقین دہانی کروائی اور ڈی سی غذر کو اس حوالے سے تحقیقات کی بھی ہدایت کی۔ منصوبے کے تکمیل کے بعد ہونے والی شکایتیں گلے شکووں تک محدود رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات و نشریات کو ہدایت دی جائیگی کہ وہ ہر ضلع سے صحافیوں کو مختلف تربیتی ورکشاپس کے لئے منتخب کرے ۔ غذر پریس کلب کے لئے جو کچھ ممکن ہوسکے گا وہ ضرور کریں گے۔

چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کیپٹن (ر) خرم آغا کا درہ غذر ، چیف سیکرٹری نے یاد گار شہدا پر حاضری دی پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔ غذر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی ، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہاوس گاہکوچ میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے ملاقاتیں کی ۔ ان میں اسماعیلی ریجنل کونسلات ، تنظیم اہل سنت والجماعت غذر کے علماء ، اکابرین امن کمیٹی غذر ، کنٹریکٹر ایسو سی ایشن غذر ، پاکستان تحریک انصاف غذر کے رہنماؤں کے علاوہ دیگر افراد نے بھی ملاقاتیں کی ۔

چیف سیکرٹری نے یاد گار شہدا پر حاضری دی پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔ غذر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی ،

ڈی سی غذر دلدار احمد ملک نے چیف سیکرٹری کو ضلع غذر کی مجموعی صورتحال اور دیگر ضلعی محکمہ جات کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی ۔ ضلعی سربراہان محکمہ جات نے بھی چیف سیکریٹری کو اپنے محکمے کی کارکردگی اور درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کیا ۔

چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے ڈی ایچ کیو ہسپتال گاہکوچ کا دورہ کیا انہوں نے ہسپتال کے نئے تعمیر ہونے والے بلاک کا جائزہ لیا اور ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت بھی کی ۔

چیف سیکریٹری نے گرلز انٹر کالج گاہکوچ کا بھی دورہ کیا اور کالج کی تعمیرات کا جائزہ لیا اور کالج کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button