نلتر میں سرمائی کھیلوں کا میدان سج گیا، پہلی بار آئس ہاکی بھی متعارف
گلگت( سٹاف رپورٹر) گلگت بلتستان کے سیاحتی مقام نلتر میں سرمائی کھیلوں کا میلہ سج گیا۔پاک فضائیہ اور پاکستان سکی فیڈریشن کے باہمی اشتراک سے سعدیہ خان اور چلڈرن سکی کپ کا آغاز ہو گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی بیس کمانڈر کالا باغ عاصم اعجاز تھے ۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ یوتھ کے لئے اس طرح کے مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ اس سے یوتھ کے ٹیلنٹ اُجاگر ہو نگے۔ گلگت بلتستان میں سرمائی سرگرمیوں سے یہاں کی سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ گلگت بلتستان پاکستان کا خوبصورت ترین علاقہ ہے یہاں کے چاروں موسم منفرد ہیں۔ موسم سرما میں بھی یہاں کھیلوں کے مقابلے ہونے سے یہاں کے یوتھ کو ایک اچھا موقع ملے گا جو پاکستان اور بیرون ملک اپنے علاقے اور پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ان کھیلوں میں ملک بھر سے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ جن میں گلگت بلتستان اسکاوٹس، پاکستان فضائیہ، پنجاب سکی ایسوسی ایشن،سندھ سکی ایسوی ایشن، کے پی کے سکی ایسوسی ایشن،، اے ایف پی سکی ایسوسی ایشن ، اسلام آباد سکی ایسوسی ایشن کی ٹیموں نے شرکت کی۔ اس موقع پر کھلاڑیوں نے علاقائی دھنوں پر رقص بھی پیش کیا۔
پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار آئس ہاکی کامیدان تیار ہو گیا اور آئس ہاکی کے کھلاڑی میدان میں اُتر گئے ۔ نلتر میں پاک فضائیہ کی جانب سے آئس ہاکی کے شوقین کھلاڑیوں کے لئے میدان تیار ہو گیا۔ اور سرمائی کھیل آئس ہاکی کے کھیل کا آغاز بھی ہوگیا۔ آئس ہاکی کے لئے ملک بھر سے کھلاڑی نلتر پہنچ گئے ہیں۔ ہفتے کے روز نلتر میں ملک بھر کے ٹیموں کی کھلاڑیوں نے آئس ہاکی کھیلا اس موقع میں اس کھیل کے شوقین افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔