اہم ترین

تعلیم اور صحت کے علاوہ آئینی حیثیت پر بھی خوشخبری ملے گی، کمانڈر ٹین کور

سکردو ( رجب علی قمر ) کمانڈر ٹین کور لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے نوجوان پاک فوج کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے۔ خطے کے باہمت اور بہادر عوام نے سامراجی ڈوگرہ طاقت سے لڑ کر اپنے علاقے کو خود زور بازو سے آزاد کرایا۔ پاکستان بنانے میں خطے کے باسیوں کا خون شامل ہے خطے کی بہادری اور دلیری پر پاک افواج کو فخر ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام پاکستانی ہے اور پاکستان گلگت بلتستان کے عوام کا ہے۔ فوج ،سول انتظامیہ اور عوام ساتھ مل کر دشمن کا بھر پور دفاع کریں گے۔ تعلیم اور صحت کے علاوہ آئینی حیثیت پر بھی خوشخبری ملے گی۔

سکردو میں عمائدین، علما ،سیاسی ،سماجی ،دانشور اور بزرگان سے ملاقات میں ٹین کور نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں نے مختلف شعبہ جات میں دلیری کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا۔

پاک فوج گلگت بلتستان سمیت ملک کے چپہ چپہ کی تحفظ کا ضامن ہے۔ خطے کی اعلیٰ روایات اور ہم آہنگی قابل تحسین اور مثالی ہے۔ علاقے کی ثقافت ،تہذیب، امن و امان مثالی روایات ہے۔ جسے پاک فوج قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ہندوستان کی جارحیت کے بعد پاکستانی قوم نے اپنی فوج کا بھر پور ساتھ دیا۔ گلگت بلتستان سے لے کر خیبر تک بچہ بچہ پاک فوج کے ساتھ کھڑی تھی۔

اُنہوں نے کہا کہ پوری قوم نے پاک فوج کے ساتھ مل کر ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ کیا۔ پاک فوج کسی بھی جارحیت کے خلاف منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ گلگت بلتستان کے لوگوں نے مختلف شعبہ جات میں بے پناہ دلیری کے کارنامے سر انجام دیئے جس پر ہمیں فخر ہے ۔

سکردو میں تمام مسالک کے علمائے کرام ،سیاسی ،سماجی ،دانشور ،سول سوسائٹی اور عمائدین کی ٹین کور لیفٹینیٹ جنرل بلال اکبر سے ملاقات میں ہر محاذ پر دشمن کے خلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ خون کا آخری قطرہ بہانے کا مصمم ارادہ کرلیا۔

ملاقات میں انجمن امامیہ علامہ شیخ محمد حسن جعفری ،جماعت اہلحدیث کے مولانا محمد علی جوہر ،تنظیم اہلسنت سے مولانا بلال زبیری ،نوربخشیہ برادری کے مولانا عارف ،اسماعلیہ برادری کے رحمت اللہ نے بین المسالک ہم آہنگی قیادت کیں۔

اس موقع پر علامہ شیخ محمد حسن جعفری ،مولانا محمد علی جوہر ،مولانا بلال زبیری و دیگر علما کرام نے کہا کہ گلگت بلتستان کے باسی بغیروردی سپاہی بن کر دفاع کریں گے۔ ملک و قوم کی دفاع شرعی طو ر پر واجب ہے۔ سرحدات کی حفاظت کے لئے ہم پاک فو ج کے پشت پر کھڑ ے ہیں۔ خدانخواستہ ملک پر کوئی آنچ آئے تو کٹ مرنے کو تیار ہے۔

کمانڈر ٹین کو ر سے ملاقات میں سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی حاجی فدا محمد ناشاد ،سینئر صوبائی وزیر حاجی اکبر تابان ،ممبران اسمبلی عمران ندیم ،کاچوامتیاز حیدرخان ،چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سکندر علی ،رکن کونسل گلگت بلتستان سید عباس اور وزیر اخلاق حسین کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے کسی بھی جنگی صورتحال میں پاک فوج کے شانہ بشانہ ہر میدان میں دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر ملک و قوم کی حفاظت کے لئے لڑنے کا عہد کیا ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button