پبلک لائبریری کی مجوزہ سائٹ تبدیل کی گئی تو سخت احتجاج کریں گے، سول سوسائٹی شگر کا اعلان
شگر(نامہ نگار) سول سوسائٹی شگر نے پبلک لائبریری کی مجوزہ سائیٹ تبدیل کرنے کے خلاف سخت احتجاج کا فیصلہ کرلیا۔پبلک لائبریری میونسپلٹی ایریا کے علاوہ کسی دوسری جگہ قابل قبول نہیں۔سول سوسائٹی شگر کا ایک اہم اجلاس وحدت آفس شگر میں منعقد ہوا۔ جس میں تمام ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے شگر میں قائم کی جانے والی پبلک لائبریری جس کیلئے ایک سال قبل سائیٹ سلیکشن ہوکر لائبریری کی تعمیرات کیلئے کنٹریکٹر کو ٹھیکہ بھی مل چکا ہے تاہم ضلع انتظامیہ کی جانب سے اچانک مجوزہ سائیٹ کو انٹر کالج کی مقام پر تبدیل کیا گیا ہے۔جوکہ ناقابل قبول اور شگر کی عوام کیساتھ سراسر ناانصافی ہے۔اگر پبلک لائبریری کو موجودہ سائیٹ پر تعمیر نہ کیا گیا تو اس کی افادیت ختم ہوجائے گی۔لائبریری کو پبلک مقام اور آبادی کے قریب ہونا چاہئے۔ بیابان میں لائبریری کی قیام سے عوام کیلئے کوئی فائدہ نہیں۔ لہذا انتظامیہ اپنا فیصلہ واپس لیں اور لائبریری کو سابقہ سائیٹ پر ہی تعمیر کیا جائے۔ بصورت دیگر سول سائٹی سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔